0
Sunday 21 Sep 2014 20:41
تمام قوموں کو ایک کرنے کراچی آیا ہوں

جب تک نواز شریف استعفٰی نہیں دینگے یہ مہم ختم نہیں ہوگی، عمران خان

پاکستانی ساتھ دیں اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے
جب تک نواز شریف استعفٰی نہیں دینگے یہ مہم ختم نہیں ہوگی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں کراچی میں پٹھان، سرائیکی، مہاجر، پنجابی اور سندھی سب کو ایک کرنے آیا ہوں۔ ہم وہ قوم بنائیں گے جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ ہم انشاءاللہ سارے پاکستان کو ایک کریں گے۔ ہم نے خاندانی سیاست کو ختم کرنا ہے۔ کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جماعت ہے۔ کراچی کی تمام قوموں کو متحد کرنے آیا ہوں۔ جو قومیں ظلم اور ناانصافی کے سامنے جُھک جاتی ہیں، غلامی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ قوم وعدہ کرے کہ ظلم کے آگے سر نہیں جھکانا۔ عمران خان نے کہا کہ پچھلے 39 دنوں میں ہمارے پاکستان کے لوگ جاگ گئے ہیں۔ سب نیا پاکستان بنانا اور دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں پھر سے اللہ تعالٰی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے پاکستانی قوم کو جگا دیا ہے۔ 
جب تک نواز شریف استعفٰی نہیں دیں گے، یہ مہم ختم نہیں ہوگی۔ ہم لوگ ووٹ کے ذریعے اپنے لیڈر منتخب کرینگے، دھاندلی کے ذریعے نہیں۔ ہمیں یہ حق حاصل ہونا چاہیے کہ ہم ووٹ کے ذریعے اپنے لیڈر چُن سکیں۔ قوم کبھی کسی کو الیکشن میں دھاندلی نہ کرنے دے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سرپرستی کے بغیر ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوسکتی۔ کراچی کی پولیس کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنائیں گے۔ ایک ماہ میں ٹارگٹ کلنگ ختم کرکے دکھائیں گے۔ کراچی والے ساتھ دیں گے تو یہ سارے وعدے پورے ہوں گے۔ جلسہ عام سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ سندھ میں ذوالفقار علی بھٹو کا نام لے کر جھوٹے وعدے کئے جاتے رہے ہیں۔ سندھ کی دیہی عوام کو ظلم سے نجات دلائیں گے۔ عوام کی مدد سے وڈیروں سے آزادی دلاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکومت کی موجودگی میں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ عدل، انصاف اور قانون کی بالادستی کے بغیر خوشحالی نہیں آسکتی۔ جابر اور ظالم عوام کا خون چوس رہے ہیں۔ عوام ساتھ دیں گے تو کامیاب ہوجائیں گے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کو تقسیم کرکے نفرتیں پھیلائی گئیں، سندھی، پنجابی، پٹھان ، بلوچ اور اردو بولنے والوں کو ایک قوم بنانے آیا ہوں۔ کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جانا ہوگا، نواز شریف کے استعفے تک جنگ ختم نہیں ہوگی، پُرجوش کارکنوں کے ساتھ گو نواز گو کے نعرے لگاتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ قوم جاگ گئی ہے، ظلم کے سامنے اپنا سر نہيں جھکانا، غلامی کی زنجیریں توڑنے آئے ہیں، قوم کو تقسيم کرکے نفرتيں پھيلائی گئيں، سیاسی فائدے اٹھائے گئے، مہاجر، سندھی، پنجابی، بلوچی اور پٹھانوں کو ایک کرنے آیا ہوں، قائداعظم کا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف! آپ کو جانا ہوگا، جب تک نواز شریف استعفٰی نہیں دیں گے یہ تحریک نہیں رکے گی، ہمارا حق ہے کہ شفاف الیکشن کے ذریعے اپنی حکومت کو منتخب کریں نہ کہ دھاندلی کے ذریعے، لیکن بدقستی سے آج تک ہونے والے تمام انتخابات میں1970ء کے بعد سے لے کر دھاندلی ہوتی آئی ہے لیکن کسی کو بھی اس جرم میں پکڑا نہیں گیا، اب وقت آگیا ہے کہ لیڈر دھاندلی نہیں ووٹ سے منتخب ہو اور ایک ایسا پاکستان بن جائے جس میں باہر سے آنے کے لئے لوگ درخواستیں دیں۔

عمران خان نے کہا کہ لوگ نئے پاکستان میں نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے، نوجوانوں کو اتنی قوت بنائيں گے کہ تيزی سے ملک ترقی کریگا، اتنا ظلم کہیں نہیں دیکھا جتنا سندھ کے ہاریوں پر ہوتا ہے، کمزوروں پر ظلم، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان ختم کردیں گے، ظالموں کا مقابلہ کرنے کیلئے میرا ساتھ دیں، ہميں سب سے زيادہ اہميت تعليم کو دينی ہے، پوليس کے محکمے کو ٹھيک کرنا ہے، پنجاب ميں پوليس ميں موجود گلو بٹوں کو نکالنا ہوگا، خيبر پختونخوا ميں پوليس کے محکمے کو غير سياسی بنایا، ملک میں جنگل کا قانون ہے، پاکستانی ساتھ دیں اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرکے دکھائیں گے، سب ایک نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، انشاءاللہ ہم نيا پاکستان بنائيں گے۔
خبر کا کوڈ : 410903
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش