QR CodeQR Code

پشاور، ایف سی کے قافلے پر حملہ، 3 افراد جاں بحق

23 Sep 2014 10:00

اسلام ٹائمز: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد جمع کیے جارہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔ انہوں نے دھماکے میں تین افراد کے جاں بحق اور آٹھ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے صدر روڈ پر منگل کی صبح ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک ایف سی اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق اور تیرہ کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے میں فرینٹئر کور کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ بم ڈسپوزل اسکوڈ کے اے آئی جی شفقت ملک کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 45 کلو گرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں رکھا گیا تھا جس نے مخالف سمت سے ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ ان کا کا کہنا تھا کہ دھماکے سے اطراف میں کئی گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا۔ زخمی ہونے والے افراد کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے اس بات کی تصدق کی ہے کہ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں ہیں، تاہم پولیس نے اس بات کی حتمی طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں، جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شواہد جمع کیے جارہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی۔ انہوں نے دھماکے میں تین افراد کے جاں بحق اور آٹھ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد آرمی اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک ایف سی اہلکار، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔ پشاور پولیس کے مطابق یہ دھماکہ منگل کی صبح تقریباً نو بجے صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب کیا گیا۔ سی سی پی او اعجاز خان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر جو معلومات ملی ہیں ان کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی نے ایف سی کے قافلے کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بظاہر دھماکے میں بریگیڈیئر خالد جاوید کو ہدف بنایا گیا، تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
سی سی پی او کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ میں تیرہ افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہیں۔ سپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چھ زخمی افراد کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا، جن میں دو سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔ صدر روڈ پر جس مقام پر یہ دھماکہ ہوا ہے وہاں سے کچھ ہی دور ہی پر ریڈ زون اور گورنر ہاؤس بھی واقع ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلٰی کے پی پرویز خٹک نے پشاور میں آج ہونے والے دھماکے کی مذمت کی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایف سی کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہو گئے۔ پشاور کے علاقے صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایف سی کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اچانک دھماکہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کی ڈبل کیبن گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ایک موٹر سائیکل اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں جب کہ ریسکیو ٹیموں نے حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ زخمی ہونے والے افراد میں 2 ایف سی اہلکار اور 10 سویلین شامل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 411151

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411151/پشاور-ایف-سی-کے-قافلے-پر-حملہ-3-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org