QR CodeQR Code

تحریک انصاف نے لاہور میں جلسے کے لئے ڈی سی او کو درخواست دیدی

23 Sep 2014 18:47

اسلام ٹائمز: درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اگر حکومت نے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دی تو جاتی امراء میں جلسہ کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کیلئے ڈی سی او کو درخواست دیدی، پی ٹی آئی کے رہنماء میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے اجازت نہ دی تو پھر جاتی عمرہ میں جلسہ کریں گے۔ پاکستان تحریکِ انصاف نے 28 ستمبر کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں جلسے کیلئے ڈی سی او لاہور کے دفتر میں درخواست جمع کرا دی ہے، جو کہ ڈی سی او کے سٹاف افسر طارق زمان نے وصول کی۔ درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ اگر حکومت نے مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہ دی تو جاتی امراء میں جلسہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے بڑا جلسہ کر کے ریکارڈ توڑیں گے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ڈی سی او لاہور کل تک جلسے کی اجازت دے دیں گے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جلسے کی سکیورٹی کی ذمہ داری حکومت کی ہے، کسی بھی نقصان کی صورت میں نتائج بھی اسے ہی بھگتنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسلام آباد میں بھی دہشتگردی سے ڈراتی رہی، اب لاہور میں بھی ڈرا کر دیکھ لے۔ عمران خان کے چاہنے والے ڈرنے والے نہیں بلکہ حکومتی حربے ناکام ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت کا فیصلہ کر لیا ہے اور باقاعدہ طور پر کل ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان اجازت دینے کا اعلان کر دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 411232

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411232/تحریک-انصاف-نے-لاہور-میں-جلسے-کے-لئے-ڈی-سی-او-کو-درخواست-دیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org