QR CodeQR Code

عوام کو بھیڑیوں سے اپنا حق چھینا ہوگا

حکمرانو! تم چاہے جتنا ظلم و جبر کرلو، تمھارے دن گنے جاچکے ہیں، علامہ طاہر القادری

23 Sep 2014 23:42

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں پی اے ٹی کے سربراہ نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ پوری دنیا کو آگاہ کرنے کیلئے گو نواز گو کے نعرے لگائے جائیں، تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ یہ لاشیں گرا کر امریکہ آئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ حکمران کتنا ہی ظلم کرلیں لیکن ان کے دن گنے جاچکے ہیں، عوام کو بھیڑیوں سے اپنا حق چھینا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ پوری دنیا میں منہاج القرآن انٹرنیشنل واحد اسلامی تنظیم ہے جسے اقوام متحدہ نے اسلامی معاملات میں اپنے مشیر کا درجہ دیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری وفاقی دارالحکومت میں جاری انقلاب مارچ کے دھرنے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی کہ پوری دنیا کو آگاہ کرنے کے لئے گو نواز گو کے نعرے لگائے جائیں، تاکہ دنیا کو معلوم ہو کہ یہ لاشیں گرا کر امریکہ آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے ایئرپورٹ ہو یا نیویارک میں واقع اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی ہو، ہر جگہ ان کی آمد پر عوام گھروں سے نکل کر احتجاج کریں۔ 
انہوں نے بتایا کہ جیل سے کئی روز بعد رہائی پانے والے کارکنان اپنے گھروں کو جانے کے بجائے انقلاب مارچ کے دھرنے میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو تو دنیا کا کوئی آئین سزا نہیں دیتا لیکن موجودہ حکومت نے ڈیڑھ ماہ تک کے بچوں کو بھی قید رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بچوں میں بھی انقلاب کی تڑپ پیدا ہوجائے تو پھر انقلاب قوم کا مقدر بن جاتا ہے۔ انہوں نے حکمرانوں کو مخاطب کرکے کہا کہ تم چاہے جتنا ظلم و جبر کرلو لیکن تمھارے دن گنے جاچکے ہیں۔ طاہر القادری نے انکشاف کیا کہ حکومت اپنے قومی و صوبائی اسمبلی کے ممبران کو اپنے خلاف بغاوت سے روکنے کے لئے بے تحاشا فنڈ دے رہی ہے، نوکریوں پر سے پابندی بھی اسی لئے اٹھائی گئی ہے کہ سیاسی رشوت کے طور پر استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ کی بدولت وفاقی حکومت نے یہ تسلیم کیا کہ رواں بجلی کے بلوں میں عوام سے ناجائز پیسے وصول کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 411286

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411286/حکمرانو-تم-چاہے-جتنا-ظلم-جبر-کرلو-تمھارے-دن-گنے-جاچکے-ہیں-علامہ-طاہر-القادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org