QR CodeQR Code

بغیر تصدیق کے استعفے قبول کرلوں اور کوئی عدالت چلا جائے تو میری پوزیشن خراب ہوگی، ایاز صادق

25 Sep 2014 13:31

اسلام ٹائمز: صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تصدیق کیلئے نہ آنیوالے ارکان کو دوبارہ نوٹس بھجوا سکتے ہیں، اگر تحریک انصاف کے ارکان نہیں آتے تو پھر اس پر قانونی رائے لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی رکن استعفے کی تصدیق کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں نہ پہنچ سکا۔ اسپیکر ایاز صادق کہتے ہیں کہ وہ بغیر تصدیق کے استعفے قبول کرلیں اور کوئی عدالت چلا جائے تو ان کی  پوزیشن خراب ہوگی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، عارف علوی اور شیریں مزاری کو استعفوں کی تصدیق کیلئے آج دن گیارہ بجے اپنے چیمبر میں بلایا تھا، تاہم ان میں سے کوئی بھی رکن ان کے چیمبر میں نہ پہنچ سکا۔ میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ تصدیق کے بغیر کسی کا استعفٰی قبول نہیں کرسکتے، انہوں نے کہا کہ اگر وہ بغیر تصدیق کے استعفے قبول کرلیں اور کوئی عدالت چلا جائے تو ان کی  پوزیشن خراب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تصدیق کیلئے نہ آنے والے ارکان کو دوبارہ نوٹس بھجوا سکتے ہیں، اگر تحریک انصاف کے ارکان نہیں آتے تو پھر اس پر قانونی رائے لیں گے، ایاز صادق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان نورا کشتی کر رہے ہیں، وہ ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے۔ ایک سوال پر ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وہ سب کو اکٹھے بلا کر اپنے چیمبر کو ڈی چوک نہیں بنانا چاہتے۔ تحریک انصاف کی جانب سے جانبداری کا الزام بے بنیاد ہے، ہمیشہ حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 411570

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411570/بغیر-تصدیق-کے-استعفے-قبول-کرلوں-اور-کوئی-عدالت-چلا-جائے-میری-پوزیشن-خراب-ہوگی-ایاز-صادق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org