QR CodeQR Code

فرانس کے نام خونی پیغام

داعش کے حامی گروپ نے الجیریا میں فرانسیسی شہری کو ہلاک کر دیا

25 Sep 2014 18:43

اسلام ٹائمز: 55 سالہ گورڈو کو جند الخلیفہ نامی شدت پسند تنظیم نے ہلاک کیا اور اس سے پہلے اس تنظیم نے فرانس کو عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیاں روکنے کی مہلت دی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت فرانس نے تصدیق کی ہے کہ الجیریا میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ سے منسلک ایک گروپ نے اس کے شہری کا سر قلم کر دیا ہے۔ فرانس کے شہری ہروی گورڈو سیاحت کے لیے الجیریا گئے تھے اور انھیں اتوار کو اغوا کیا گیا تھا۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق 55 سالہ گورڈو کو جند الخلیفہ نامی شدت پسند تنظیم نے ہلاک کیا اور اس سے پہلے اس تنظیم نے فرانس کو عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیاں روکنے کی مہلت دی تھی۔ فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے قتل کے واقعے کو ظالمانہ اور بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے دولتِ اسلامیہ کے خلاف شروع کیے گئے فضائی حملے جاری رہیں گے۔ فرانس نے گذشتہ جمعے کو پہلی مرتبہ عراق میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ پر فضائی حملے کیے تھے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر فرانسو اولاند نے کہا ہروی گورڈو کو اغوا کرنا اور ان کا سر قلم کرنا دہشت گردی کا ایک سفاکانہ اقدام ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مسئلہ صرف خطے کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کا ہے۔ اس سے پہلے جند الخلیفہ نامی تنظیم نے فرانسیسی شہری کی ہلاکت کی ایک ویڈیو جاری کی تھی اور اس کا عنوان فرانسیسی حکومت کے لیے خونی پیغام تھا۔

یاد رہے کہ اس تنظیم نے دسمبر میں اغوا کیے جانے والے ایک برطانوی شہری ایلن ہیننگ کو ہلاک کرنے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ اس سے پہلے شام اور عراق میں موجود دولتِ اسلامیہ نے تین مغربی شہریوں کو ہلاک کرنے کی ویڈیوز جاری کی ہیں۔ ان میں سے دو امریکی اور ایک برطانوی شہری تھے۔ جندالخلیفہ نامی تنظیم پہلے خطے میں سرگرم اسلامی تنظیم القاعدہ ان اسلامک مغرب کا حصہ تھی اور یہ سنہ 1990 کی خانہ جنگی کے وقت سامنے آئی تھی اور اس نے رواں ماہ دولتِ اسلامیہ سے اتحاد کرنے کا اعلان کیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 411639

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411639/داعش-کے-حامی-گروپ-نے-الجیریا-میں-فرانسیسی-شہری-کو-ہلاک-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org