0
Thursday 25 Sep 2014 18:53
امریکہ کاروائی کو طول دینا چاہتا ہے

عراق اور شام میں القاعدہ اور داعش کیخلاف جنگ میں کئی سال لگیں گے، امریکی فوجی ترجمان

عراق اور شام میں القاعدہ اور داعش کیخلاف جنگ میں کئی سال لگیں گے، امریکی فوجی ترجمان
اسلام ٹائمز۔ واشنگٹن میں بات کرتے ہوئے ریئر ایڈمرل جان کربی نے کہا کہ شام میں فضائی کارروائی سے دولتِ اسلامیہ کی صلاحیتوں میں کمی آئی ہے۔ امریکی فوجی ترجمان ریئر ایڈمرل جان کربی نے کہا کہ شام میں بمباری سے دولتِ اسلامیہ کی صلاحیتوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ امریکی فوج کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب صدر براک اوباما نے مدد کرنے کے لیے عرب ممالک کا شکریہ ادا کیا اور امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ 50 سے زائد ممالک نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں شرکت کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ دولتِ اسلامیہ نے شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر اپنا کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور امریکہ نے اگست سے اب تک ان کے خلاف 200 سے زیادہ فضائی حملے کیے ہیں۔ امریکی نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف مہم کو وسیع کرتے ہوئے پیر کو پہلی دفعہ شام میں فضائی کارروائیاں کیں۔ امریکی فوج کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو بتایا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں کئی سال لگیں گے۔ سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے کم از کم 70 اور القاعدہ کے دیگر 50 ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ دولتِ اسلامیہ اپنے آپ کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق ڈھالنے میں تیز نکلی۔ ان کا کہنا ہے کہ دولتِ اسلامیہ ایک ایسا خطرہ ہے جسے دنوں یا مہینوں میں ختم نہیں کیا جا سکتا۔ فوجی ترجمان نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے سب کی طرف سے سنجیدہ کوششیں کرنی پڑیں گی۔ یہاں ہم اس جنگ میں کئی سال صرف ہونے کی بات کر رہے ہیں۔ دریں اثنا امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری نے صحافیوں کو بتایا کہ 50 سے زائد ممالک نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف جنگ میں شریک ہونے کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس سے پہلے منگل کو امریکی صدر براک اوباما نے دولت اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں میں عرب ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ یہ جنگ صرف امریکہ کی نہیں ہے۔ امریکی صدر نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان حملوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اردن، بحرین، اور قطر نے یا تو حصہ لیا یا پھر امریکہ کو ان ممالک کا تعاون حاصل تھا۔
خبر کا کوڈ : 411640
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش