QR CodeQR Code

مظفر گڑھ، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کی جانب سے متاثرین سیلاب میں امداد کی تقسیم

25 Sep 2014 19:06

اسلام ٹائمز: تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنماء علی رضا طوری کا کہنا تھا کہ سیلاب ہم سب پر ایک امتحان کے طور پر سامنے آیا ہے، اب اس امتحان میں ہم نے صبر اور حوصلے کے ساتھ سرخرو ہونا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور اسٹیپ فارورڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے مشترکہ تعاون سے مظفر گڑھ کے متاثرین سیلاب میں امداد کی تقسیم کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے صوبائی رہنماء علی رضا طوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین صرف تنظیم کا نام نہیں بلکہ ایک قوم کا نام ہے، یعنی ایک بیدار ملت، اپنے حقوق کے لئے اٹھنے والی ملت کا نام ہے، اور اگر ہم یہ کہہ دیں کہ قومی وحدت اور شیعہ سنی اتحاد کا نام مجلس وحدت مسلمین ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دھرنوں میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بے باک قیادت میں ہم نے عملی شرکت کر کے اور اتحادی کی حیثیت سے شامل ہو کر دشمن کی فرقہ واریت کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے، ہر مشکل گھڑی میں قوم کے درمیان رہنا ہم نے علامہ ناصر عباس جعفری سے سیکھا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس وقت مختلف محاذوں پر ملت کا دفاع کر رہے ہیں، جس میں ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان، دہشت گردی، بم دھماکے، پولیس گردی وغیرہ شامل ہیں، ابھی ہم ان مسائل سے نکلتے نہیں ہیں کہ نیا امتحان سر پر آجاتا ہے۔ یہی صورتحال سیلاب کی صورت میں ہم سب پر ایک امتحان کے طور پر آئی، اب اس امتحان میں ہم نے صبر اور حوصلے کے ساتھ سرخرو ہونا ہے، ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کیساتھ انشاء اللہ ہرممکن تعاون اور امداد کریں گے، اس موقع پر شرکائے تقریب سے امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے مسئولین یاسر اور ضیغم نے بھی خطاب کیا، جس میں انہوں نے متاثرین کو میڈیکل کیمپ کی آفر کی، جس کے بعد متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 411643

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411643/مظفر-گڑھ-ایم-ڈبلیو-اور-ا-ئی-ایس-او-کی-جانب-سے-متاثرین-سیلاب-میں-امداد-تقسیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org