QR CodeQR Code

ہم نوجوانوں میں تقسیم کے حامی نہیں

آئی ایس او قائم تھی ہے اور قائم رہے گی، علامہ نیاز نقوی

27 Sep 2014 18:57

اسلام ٹائمز: سالانہ کنونشن سے خطاب میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ آئی ایس او کے مقابلے میں کسی نئے اسٹرکچر کے حامی نہیں، آئی ایس او کے قیادت کو محتاط رہنا ہوگا کہ کوئی انہیں اپنے مقاصد کیلئے استعمال نہ کرے، ہاں آئی ایس او ملی جماعتوں کیساتھ ملکر ملت کیلئے کام ضرور کرے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس شیعہ کے مرکزی رہنما اور جامعۃ المنتظر لاہور کے پرنسپل علامہ قاضی نیاز حسین نقوی کا آئی ایس او پاکستان کے سالانہ مرکزی پیروان ولایت کنونشن سے خطاب میں کہنا تھا کہ آئی ایس او ملت کے صالح نوجوانوں کی تنظیم ہے، جس کو علمائے کرام کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او کے قیام میں قبلہ صفدر حسین نجفی کی محنت تھی جبکہ آئی ایس او کی تربیت میں علامہ سید علی الموسوی کا کردار نمایاں تھا، آئی ایس او شہید علامہ عارف حسین کی محنتوں کا بھی ثمر ہے کیونکہ شہید علامہ عارف حسین الحسینی نے بھی آئی ایس او کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ ملت تشیع کا مستقبل کیا ہے تو بلا مبالغہ کہا جاسکتا ہے کہ ملت تشیع کا مستقبل آئی ایس او ہے۔
علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ آئی ایس او کے مقابلے میں کسی نئے اسٹرکچر کے حامی نہیں، آئی ایس او سے کچھ علماء کو شکایات بھی ہیں لیکن آئی ایس او کی قیادت کو محتاط رہنا ہوگا کہ کوئی انہیں اپنے مقاصد کے لئے استعمال نہ کرے، ہاں آئی ایس او ملی جماعتوں کے ساتھ مل کر ملت کے لئے کام ضرور کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او قائم تھی، قائم ہے اور قائم رہے گی، اس کو کوئی ختم کرسکا ہے اور نہ ختم کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے سامنے ناصر شیرازی جیسے سیاست دان بھی بیٹھے ہیں، میں ان سے کہوں گا کہ وہ بھی نوجوانوں کی سرپرستی کریں اور ان کی رہنمائی کریں، تاکہ ملت کو متحد رکھنے میں نوجوان اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں میں تقسیم کے حامی نہیں، اس لئے جو لوگ نوجوانوں کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، انہیں ایسی حرکتوں سے باز رہنا چاہئے، اس سے ملت کا نقصان ہے۔


خبر کا کوڈ: 411961

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/411961/ا-ئی-ایس-او-قائم-تھی-ہے-اور-رہے-گی-علامہ-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org