0
Saturday 27 Sep 2014 22:45

امریکا پاکستان کو 4 کروڑ 18 لاکھ ڈالر دیگا، امریکی سفیر نے معائدے پر دستخط کر دیئے

امریکا پاکستان کو 4 کروڑ 18 لاکھ ڈالر دیگا، امریکی سفیر نے معائدے پر دستخط کر دیئے
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں امریکی سفیر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو قانون سے متعلق اصلاحات، استعداد کار میں اضافے اور منشیات پر قابو پانے کے سلسلے میں چار کروڑ 18 لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب جمعہ کو اسلام آباد میں ہوئی۔ پاکستان میں امریکا کے سفیر رچرڈ اولسن اور پاکستان کے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن محمد سلیم سیٹھی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت امریکا کا انٹرنیشنل نارکوٹکس اینڈ لا انفورسمنٹ بیورو حکومت پاکستان کو قانون نافذ کرنے سے متعلق استعداد کار بڑھانے، غیر قانونی منشیات کے انسداد اور کریمینل جسٹس سسٹم میں اصلاحات میں معاونت کے لیے 41.8 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ شراکت داری میں آج کا دن سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی پوست کی پیداوار کے خاتمے اور منشیات کی نقل و حمل کو روکنے کےلیے 32 سال کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کےلیے صوبائی پولیس کی فعالیت اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت، جدید آلات اور بنیادی ڈھانچے کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کو غیرقانونی منشیات کی نقل و حمل کو روکنے، منشیات کے اسمگلروں کو گرفتار کرنے اور مقدمات چلانے، پوست کے کاشتکاروں کو فصل کے متبادل کےلیے فنڈز اور زرعی تربیت فراہم کرنے، صوبہ خیبرپختونخوا اور فاٹا کے فارمز میں چھوٹے درجے کی آبپاشی اور پن بجلی کا نظام قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ مالیاتی معاونت سے صوبائی اور وفاقی سطح کے پراسیکیوٹرز کو ٹرائل ایڈوکیسی اور جیل انتظامیہ میں بہتری کے لیے تربیت کی فراہمی سے قانون کی حکمرانی کو بھی فروغ ملے گا۔
خبر کا کوڈ : 411979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش