0
Sunday 28 Sep 2014 09:21

پی ٹی آئی مینار پاکستان میں اپنی طاقت کے اظہار کے لیے تیار

پی ٹی آئی مینار پاکستان میں اپنی طاقت کے اظہار کے لیے تیار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج مینار پاکستان میں اپنی طاقت کے اظہار کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لیں۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ جلسے میں شرکت کے لیے لوگ دوپہر سے پہلے آنا شروع ہو جائیں گے اور اس کا آغاز پانچ بجے شام کو ہو گا اور عمران خان سات بجے کے قریب اس سے خطاب کریں گے۔ جلسے کے مقام پر پی ٹی آئی نے ایک بڑا اسٹیج لگا دیا ہے، جبکہ لائٹنگ اور میوزک سسٹم کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی یوتھ ونگ دن کے شروع میں جلسے کے مقام کی سکیورٹی کی ذمہ داری سنبھال لے گا۔ پارٹی کے پاور شو کے اظہار کے لیے پی ٹی آئی لاہور نے لبرٹی چوک سے مینار پاکستان تک " گو نواز گو" ریلی نکالی، جس میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں عام لوگ، پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران نے شرکت کی۔

ریلی کے دوران "گو نواز گو" اور کون بچائے گا پاکستان عمران خان" کے نعرے گونجتے رہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی لاہور کے صدر علیم خان نے کہا کہ اٹھائیس ستمبر تاریخی دن ثابت ہوگا اور تحریک انصاف ملک میں سب سے بڑے جلسے کی ہیٹ ٹرک مکمل کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور حکومت تک یہ پیغام پہنچائیں گے کہ ان کا مینڈیٹ اب ختم ہوا اور وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ علیم خان نے کہا کہ قرارداد پاکستان اس مقام پر 23 مارچ 1940 کو منظور ہوئی تھی اور اب لوگ "نئے پاکستان کی قرارداد" کی منظوری اٹھائیس ستمبر کو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان وہی مقام ہے جہاں دو سال پہلے وزیراعلیٰ شہباز شریف دھرنا دے کر لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ پھر بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کے خواہشمند ہوں گے تو پی ٹی آئی ان کے لیے خیمہ اور ہاتھ کے پنکھوں کا انتظام کرے گی۔ علیم خان نے کہا کہ مظاہرین کا سونامی یہاں لوڈشیڈنگ کے خلاف بھی احتجاج کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتطامیہ کے ساتھ کئی اجلاس کیے مگر پولیس اور دیگر اداروں نے حکومتی ہدایات پر پی ٹی آئی کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔

علیم خان کے مطابق پولیس بھی دہشت گردی کی سرگرمی کا خطرہ ظاہر کر رہی ہے مگر صحافی دیکھ چکے ہین کہ پی ٹی آئی اپنے جلسوں کا انتطام کتنے مناسب انداز سے کرتی ہے۔ انہوں نے ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ اتوار کو عام افراد کے لیے متبادل راستون کا اعلان کرے جیسا اس نے مسلم لیگ (ن) کے لیے کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 412019
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش