0
Sunday 28 Sep 2014 12:16

شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری، غیر ملکیوں سمیت 15 دہشتگرد ہلاک، 5 ٹھکانے تباہ

شمالی وزیرستان میں جیٹ طیاروں کی بمباری، غیر ملکیوں سمیت 15 دہشتگرد ہلاک، 5 ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے تازہ فضائی کارروائی کرتے ہوئے پندرہ مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں کچھ غیر ملکی شدت پسند بھی شامل ہیں۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فضائی کارروائی سے پانچ مشتبہ ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ خیال رہے کہ حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج کی جانب سے 15 جون کو آپریشن ضربِ عضب شروع کیا گیا۔ طالبان اور ان کے ازبک اتحادیوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کی ذمے داری قبول کی تھی۔ افغانستان کی سرحد سے متصل دہشت گردوں کا گڑھ سمجھنے جانے والے علاقے میں آپریشن شروع کرنے کا مقصد ان کا مکمل طور پر خاتمہ تھا اور آپریشن شروع ہونے کے بعد لاکھوں لوگوں نے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کی۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں جاری آپریشن ضربِ عضب میں اب تک تقریباً نو سو سے زائد شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان کے ایک بڑے علاقے کو بھی دہشت گردوں کے قبضے سے خالی کروایا جا چکا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے دوران جیٹ طیاروں کی بمباری سے 15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔  پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، گذشتہ رات بھی جیٹ طیاروں نے شوال میں دہشت گردوں کے 5 مشتبہ ٹھکانوں پر بمباری کی، جس کے نتیجے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران اب تک ایک ہزار 200 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جن میں غیر ملکی شرپسندوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔
خبر کا کوڈ : 412045
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش