QR CodeQR Code

سندھ میں نواز لیگ کو زبردست جھٹکا، ممتاز بھٹو نے مسلم لیگ نواز چھوڑنے کا اعلان کردیا

1 Oct 2014 16:23

اسلام ٹائمز: میڈیا سے گفتگو میں سابق لیگی رہنماء ممتاز بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ نواز سندھ میں عملی طور پر ختم ہو گئی ہے، جو پارلیمنٹ نواز شریف کے ساتھ تھی، وہ بھی مڈٹرم کی بات کر رہی ہے، مشاورت کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرونگا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کو سندھ میں زبردست جھٹکا، سابق وزیر اعلیٰ سندھ لیاقت علی جتوئی کے بعد سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین اور اپنی جماعت کو مسلم لیگ نواز میں ضم کرنے کا اعلان کرنے والے ممتاز بھٹو نے بھی مسلم لیگ نواز چھوڑنے کا اعلان کر دیا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ نواز سندھ میں عملی طور پر ختم ہوگئی ہے، جو پارلیمنٹ نواز شریف کے ساتھ تھی، وہ بھی مڈٹرم کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے لاہور میں ایک مرتبہ پھر تاریخی جلسہ کیا جس سے حکمرانوں کی نیندیں اُڑ گئیں اور مسلم لیگ نواز چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ممتاز بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ سمیت ملک بھر میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ممتاز بھٹو نے کہا کہ نواز لیگ نے خود نکالنے جیسی صورتحال پیدا کی، مشاورت کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کریں گے۔ واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے ممتاز بھٹو سے ملاقات کی تھی اور تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچایا تھا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اپنے کسی رُکن کو نظر انداز کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتی۔


خبر کا کوڈ: 412697

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/412697/سندھ-میں-نواز-لیگ-کو-زبردست-جھٹکا-ممتاز-بھٹو-نے-مسلم-چھوڑنے-کا-اعلان-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org