0
Saturday 4 Oct 2014 11:55

نواز حکومت کا ایم کیو ایم سے رابطہ، شکایات کے ازالے کی یقین دہانی

نواز حکومت کا ایم کیو ایم سے رابطہ، شکایات کے ازالے کی یقین دہانی
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کے توسط سے نواز حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت کو آگاہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن کے دوران اگر ایم کیو ایم کو کسی قسم کی زیادتی کی شکایات ہیں اور اگر بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کے واقعات حالیہ دنوں میں رونما ہوئے ہیں، ان گرفتار افراد کے مکمل کوائف اور تفصیلات سے وزرات داخلہ کو آگاہ کیا جائے، ان شکایات کا مکمل جائزہ لے کر قانون کے مطابق ازالہ کیا جائے گا۔ اس پیغام میں آگاہ کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کیا جا چکا ہے کہ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جائے اور کسی بے گناہ شخص کو حراست میں نہ لیا جائے۔ اس آپریشن کو نواز حکومت خصوصاً وزارت داخلہ مانیٹر کر رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت پر سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی کسی رجسٹرڈ فلاحی ادارے کو عیدالاضحیٰ پر کھالیں جمع کرنے سے روکا جائے گا، تاہم تمام کھالیں جمع کرنے والے ادارے اجازت نامے اور ضابطہ اخلاق کے مطابق رضاکارانہ طور پر یہ کام انجام دینے کے پابند ہوں گے۔

حکومتی حلقوں نے ایم کیو ایم کی جانب سے ایک بیان پر کچھ افراد کی دل آزاری پر معافی کا اظہار سامنے کے معاملے کو بھی خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا گیا ہے کہ وفاق مستقبل میں ایم کیو ایم کی قیادت سے ورکنگ ریلیشن شپ کو بڑھائے گا۔ ایم کیو ایم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف حلقوں کے پس پردہ رابطوں کے سبب حالیہ دنوں میں ایم کیو ایم کے وفاق اور اعلیٰ حلقوں سے جو بعض مسائل سامنے آ رہے تھے ان میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ ایم کیو ایم کے حلقے سمجھتے ہیں جلد کچھ مسائل حل ہو جائیں گے اور بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ایم کیو ایم کے بعض مسائل کو حل کرانے میں اہم کوشش کر رہے ہیں اور وہ مسلسل رابطوں میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 413122
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش