0
Saturday 4 Oct 2014 17:10
پنجاب کے مختلف سیاسی رہنماؤں کا پی پی پی چھوڑنے پر غور

آصف علی زرداری سے ملاقات میں "گو نواز گو" کا عوامی نعرہ لگاوں گی، فردوس عاشق اعوان

مشکل وقت میں بھی پی پی کو نہیں چھوڑا لیکن پارٹی قیادت سے شکایات ہیں، نذر گوندل
آصف علی زرداری سے ملاقات میں "گو نواز گو" کا عوامی نعرہ لگاوں گی، فردوس عاشق اعوان
اسلام ٹائمز۔ اگلے ایک ہفتے کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری کا سامنا غصہ میں بپھرے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے ہونے جا رہا ہے۔ یہ رہنما پنجاب میں پارٹی کو نقصان پہنچانے والے زرداری کے مفاہمتی لب و لہجہ کے خلاف کھل کر اپنے جذبات کے اظہار کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن میں واقع بلاول ہاؤس میں قیام کے دوران مختلف پی پی پی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں زرداری پر زور دیا جائے گا کہ وہ عوامی جذبات کو سنیں اور پی ایم ایل نون حکومت کی اندھی حمایت کی پالیسی بدلیں۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فردوس عاشق اعوان نے میڈیا کو بتایا کہ آج "گو نواز گو" عوامی نعرہ ہے اور میں ملاقات میں زرداری صاحب کے سامنے یہی نعرہ بلند کروں گی۔ فردوس عاشق اعوان نے پاکستان تحریک انصاف میں اپنی شمولیت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ پی ٹی آئی اس خالی جگہ کو پُر کر لے گی۔ میں زرداری صاحب کو بتاؤں گی کہ کارکن نون لیگ کی بی ٹیم بنے رہنے کی پالیسی سے سخت نالاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت کی عوام مخالف پالیسیوں پر پی پی پی کی خاموشی کا فائدہ پی ٹی آئی اٹھائے گی۔ پی ٹی آئی جیسی اپوزیشن پارٹی سے ٹکر لینے کے بجائے پیپلز پارٹی حکومت کی مخالفت کرے۔ پی پی پی کارکن نون لیگی حکومت کو چلتا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اس نے لوگوں کو مزید مسائل میں الجھا دیا۔ فردوس عاشق اعوان کے مطابق، نون لیگ کی حمایت اس کی عوام مخالف پالیسیوں کی حمایت کرنے جیسی ہے اور ہمیں ایسا نہیں کرنا چاہیئے۔ پیپلز پارٹی کی سابق حکومت کی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا قومی احتساب بیورو کی جانب سے ان کے خلاف تحقیقات ایک مذاق ہے دراصل مجھے سچ بولنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں قیام کے دوران زرداری کی ملاقات منڈی بہاؤالدین کے گوندل خاندان سے بھی ہو گی۔ اطلاعات ہیں کہ سابق وفاقی وزیر نذر گوندل ان کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم این اے ذوالفقار گوندل اور قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سابق چیئرمین ندیم افضل چن پیپلز پارٹی چھوڑنے پر غور کر رہے ہیں۔ ذوالفقار گوندل نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں پارٹی قیادت سے شکایات ہیں۔ خیال رہے کہ گذشتہ مہینے ای او بی آئی میں بے قاعدگیوں کے ایک کیس میں اپنے ایک عزیز ظفر گوندل کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے ہاتھوں گرفتاری پر گوندل خاندان ناراض ہے۔
ذوالفقار گوندل نے بتایا کہ سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے ان کے بھائی (ظفر) کے خلاف بری نیت سے تحقیقات شروع کرائیں۔ ای او بی آئی کو نفع بخش بنانے کے باوجود ظفر گوندل کے خلاف ایک غلط کیس بنایا گیا۔ کیا یہ تعجب کی بات نہیں کہ نادرا اور ای او بی آئی جیسے نفع بخش اداروں کے سربراہ جلا وطن یا جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں جبکہ کسی کو بھی بڑے نقصان میں جانے والی پی آئی اے، اسٹیل ملز اور ریلوے امور کی تحقیقات کی فرصت نہیں۔ ذوالفقار گوندل نے مزید کہا کہ ان کا خاندان بھٹو دور سے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے۔ ہم نے تکلیفیں جھیلیں اور جانوں کی قربانیاں بھی دیں لیکن ہم مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر نہیں گئے۔ انہوں نے بتایا کہ نذر گوندل لاہور میں زرداری سے ملاقات میں تمام مسائل پر بات کریں گے۔

آصف علی زرداری اپنے قیام کے دوران پنجاب سے تعلق رکھنے والے دوسرے پارٹی رہنماؤں اور عہدے داروں سے بھی ملیں گے۔ پی پی پی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات امیر راجہ نے میڈیا کو بتایا کہ عید پر زرداری صاحب پارٹی کارکنوں سے ملیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی کے شریک چیئرمین اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں منعقدہ ریلی کے لئے ورکروں کو متحرک بھی کریں گے۔ زرداری عید لاہور جبکہ بلاول کراچی اور بختاور اور آصفہ لاڑکانہ میں عید منائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 413160
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش