0
Saturday 4 Oct 2014 20:26

امریکہ و برطانیہ نے حکومت کیخلاف جاری تحریک کو ایران کے کھاتے میں ڈال دیا

امریکہ و برطانیہ نے حکومت کیخلاف جاری تحریک کو ایران کے کھاتے میں ڈال دیا
لاہور سے ابو فجر کی رپورٹ

امریکہ اور برطانیہ نے موجودہ مسلم لیگ نون کی حکومت کے خلاف جاری احتجاجی تحریک کی ’’سازش‘‘ کو اپنے گلے سے نکال کر ایران کے کھاتے میں ڈال دیا ہے۔ باوثوق ذرائع نے ’’اسلام ٹائمز’’ کو بتایا کہ امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور برطانوی ہائی کمشنر فلپ مارٹن نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے وزیراعلٰی پنجاب کو یقین دلانے کی بھرپور کوشش کی حکومت کے خلاف ہونے والی نام نہاد سازش کا ذمہ دار ایران ہے۔ کچھ روز قبل سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے ذریعے حکومت گرانے کی سازش میں امریکہ، برطانیہ اور ایران ملوث ہیں۔ سابق آرمی چیف کے اس الزام کے فوری بعد امریکی سفیر نے وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف سے رابطہ کیا تھا اور اپنی پوزیشن واضح کی تھی۔ ذرائع کے مطابق اس سے قبل باقاعدہ امریکہ قونصلیٹ نے اپنی رہائش گاہ واقع ظفر علی روڈ لاہور پر رانا ثناءاللہ کو بھی بلا کر ’’صفائی‘‘ پیش کی تھی اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اب گذشتہ روز امریکہ سفیر نے لاہور میں وزیراعلٰی اور گورنر دونوں سے ملاقات کی اور حکومت کے خلاف کسی بھی سازش کی صحت سے مکر گئے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوریت کا حامی ہے اور نواز لیگ کو بھی جمہوری جماعت سمجھتا ہے۔

امریکی سفیر نے وزیراعلٰی پنجاب کو کہا کہ حکومت کے خلاف ہونے والے سازش میں امریکہ ملوث نہیں بلکہ مرزا اسلم بیگ کی یہ بات درست ہے کہ یہ سازش تہران میں تیار ہوئی ہے اور ڈاکٹر طاہرالقادری ایران کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ ایران میں دورہ کرنے والی جو بھی شخصیت ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کرتی ہیں، وہ انہیں اپنے کاز کے لئے آمادہ کر لیتے ہیں۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے مزید کہا کہ حکومت اس حوالے سے کسی پریشانی کا شکار نہ ہو، امریکہ نواز حکومت کے ساتھ ہے۔ دوسری جانب برطانوی ہائی کمشنر نے بھی برطانیہ میں کسی قسم کی سازش سے انکار کیا۔ فلپ بارٹن نے کہا کہ برطانیہ بھی نواز حکومت کے ساتھ اور ہر مشکل میں مکمل تعاون کے لئے آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے چوہدری محمد سرور بھی اپنا کردار ادا کر رہے۔ ذرائع نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے زور دے کر کہا کہ ایران ہی موجودہ حکومت کیخلاف سازش میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور انہیں سیلاب متاثرین کے لئے تعاون کرنے کی اپیل کی۔
خبر کا کوڈ : 413171
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب