QR CodeQR Code

ہزارہ ٹاﺅن خودکش دھماکے کے شہداء سپرد خاک، ایم ڈبلیو ایم اور ایس یو سی کیجانب سے 3روزہ سوگ کا اعلان

5 Oct 2014 14:26

اسلام ٹائمز: شہداء کی تدفین کے موقع پر قبرستان اور ملحقہ علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ہزارہ ٹاﺅن اور ملحقہ علاقوں میں آج مکمل شٹرڈاﺅن ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ہزارہ ٹاﺅن میں گذشتہ رات ہونے والے خودکش دھماکے سے جاں شہید افراد کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں مکمل شٹر ڈاﺅن ہڑتال ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے ہزارہ ٹاﺅن میں گذشتہ رات ہونے والے خودکش دھماکے سے شہید افراد کی نماز جنازہ میں لواحقین کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید افراد کی تدفین کے موقع پر قبرستان اور ملحقہ علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ ہزارہ ٹاﺅن اور ملحقہ علاقوں میں آج مکمل شٹرڈاﺅن ہے، اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی فورسز کے گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ رات ہزارہ ٹاﺅن کے علاقے علی آباد کے بازار میں اس وقت خودکش دھماکہ کیا گیا تھا جب لوگوں کی بڑی تعداد وہاں عید الاضحیٰ کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی۔ دہشت گردی کی واردات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 413225

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/413225/ہزارہ-ٹاﺅن-خودکش-دھماکے-کے-شہداء-سپرد-خاک-ایم-ڈبلیو-اور-ایس-یو-سی-کیجانب-سے-3روزہ-سوگ-کا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org