0
Sunday 5 Oct 2014 17:51

قوم فکرمند نہ ہو، حکومت بھی جائے گی اور بحران بھی جلد ختم ہو جائے گا، چودھری شجاعت

قوم فکرمند نہ ہو، حکومت بھی جائے گی اور بحران بھی جلد ختم ہو جائے گا، چودھری شجاعت
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکمران جا رہے ہیں اور ملک کو درپیش موجودہ بحران جلد ختم ہو جائے گا۔ لاہور میں سابق صدر آصف علی زرادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حمزہ شہباز ابھی اتنے بڑے نہیں ہوئے کہ کسی کے بارے میں بات کریں، انہیں وہ وقت یاد رکھنا چاہیئے جب وہ اڈیالہ جیل میں تھے اور ان کا فرمائشی کھانا ہمارے گھر سے جاتا تھا، پرویز مشرف کے دور میں 4 برس تک یہاں کس طرح کاروبار کرتے رہے اور ان کی شوگر ملیں کس طرح چلتی رہیں وہ ہم جانتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وسط مدتی انتخابات سے متعلق اس وقت کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن قوم فکرمند نہ ہو، حکومت بھی جائے گی اور بحران بھی جلد ختم ہو جائے گا۔

اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) اور پیپلز پارٹی اتحادی بھی رہ چکے ہیں اور اس کے علاوہ آصف زرداری کچھ عرصہ قبل ان کی رہائش گاہ پر بھی آئے تھے اس لئے ان سے سیاست کے علاوہ بھی ایک تعلق قائم ہے، آصف زرداری نے اپنے گھر ملاقات کی دعوت دی تھی جس پر وہ آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ملک کے درپیش ہر مسئلے پر تفصیلی بات ہوئی ہے، آصف زرداری بھی ملک کی موجودہ صورتحال اور معیشت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور پاکستان عوامی تحریک کے درمیان چند روز قبل جو غلط فہمی پیدا ہوئی تھی جلد ہی وہ ختم ہو جائیں گی۔
خبر کا کوڈ : 413233
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش