0
Monday 6 Oct 2014 21:20

بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی، ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور 4 شہریوں کی شہادت پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق عید کے موقع پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 شہری شہید جبکہ 3 زخمی ہوئے جس پر پاکستان نے بھارتی حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر سے بھارتی فوج نے مسلسل چھٹی بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی ہے۔ بھارتی فوج نے اکھنور، داور، گل مرگ، جموں، داوڑ اور چارواہ سیکٹر میں فائرنگ کی۔ واضح رہے کہ آج صبح سیالکوٹ کے چاروا سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 پاکستانی شہری شہید ہو گئے تھے۔ جن میں تلسی پور اور دھمال کی رہائشی 60 سالہ سلیمہ بی بی، 5 سالہ حماد اور 55 سالہ عبد الرزاق شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں کبیر، عقیل، ایمان اور ایم اسحاق شامل ہیں۔ کنٹرول لائن پر بھارتی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ گذشتہ شب سے جاری رہا جب بھارتی فورسز نے چاروا سیکٹر پر مارٹر گولوں کے شیل اور مشین گنوں سے فائر کھول دیا۔ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے سرحدی گاﺅں تلسی پور اور دھمال میں شہری عید کی نماز بھی ادا نہ کر سکے۔ چناب رینجرز نے بھارتی بزدلانہ کارروائی کا بڑی جرات سے مقابلہ کیا۔ بھارتی فورسز کی جانب سے گنوں اور مارٹر گولوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ بھارتی فائرنگ سے سرحدی علاقہ کے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے سیالکوٹ، لیپہ اور نکیال سیکٹر میں بھارتی گولا باری کی مذمت کی ہے اور بھارت کو احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیز فائر کی خلاف ورزی کی اور چارواہ سیکٹر پرفائرنگ کی، آدھی رات سے شروع ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے نتیجہ میں 4 شہری شہید ہو گئے۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بھارت سے کہا ہےکہ وہ اپنی فورسز کو سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیوں سے روکے۔ بھارت نے یکم اکتوبر سے اب تک 6مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، بھارتی فائرنگ سے ایک بچے سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 413415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش