QR CodeQR Code

مک مکائو کی سیاست نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا

عمران خان کا ملتان کا جلسہ تاریخی ہوگا، اب حکومت رہ نہیں پائے گی، شاہ محمود قریشی

پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کیساتھ مذاق کیا ہے

8 Oct 2014 14:44

اسلام ٹائمز: ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزی کے باوجود دفتر خارجہ غفلت کی نیند سو رہا ہے۔ وزیراعظم کو ہنگامی بنیادوں پر مسئلہ حل کرانا چاہیے کیونکہ آموں کے تحفوں کے بدلے گولہ باری نہیں ہونی چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آصف علی زرداری کے شکنجے میں ہیں، جس کی وجہ سے پیپلز پارٹی مک مکاؤ کی سیاست کے باعث نفسیاتی دباؤ کا شکار ہوگئی ہے۔ ملتان میں اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زر اور زرداری کی پارٹی میں دانشور نہیں بلکہ پراپرٹی ڈیلر ہیں، جس کے کارکنان تقسیم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزی کے باوجود دفتر خارجہ غفلت کی نیند سو رہا ہے۔ وزیراعظم کو ہنگامی بنیادوں پر مسئلہ حل کرانا چاہیے کیونکہ آموں کے تحفوں کے بدلے گولہ باری نہیں ہونی چاہیے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عمران خان کا ملتان کا جلسہ تاریخی ہوگا، اب حکومت رہ نہیں پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بالائی پنجاب کے سروسز کوٹے میں جنوب کے علیحدہ کوٹہ کے لئے بل جمع کرایا لیکن حکومت نے بحث کرنا بھی گوارا نہیں کیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور کے بعد ملتان میں بھرپور جلسے کی تیار کرلی، عمران خان جنوبی پنجاب کے عوام کے سامنے اپنا مقدمہ رکھیں گے، ماضی میں انتخابات کے علاوہ ملتان میں جلسے نہیں ہوا کرتے تھے، مگر ہم جلسہ کر رہے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے لوگ مایوس ہیں، لوگ متبادل قیادت چاہتے ہیں، لاہور میں تاریخی جلسہ تھا، میانوالی اور کراچی میں بھی جلسے کیے، جنوبی پنجاب کا سیاسی گڑھ ملتان ہے، اس لیے ہم اس پرتوجہ دے رہیں ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آزاد الیکشن کمیشن کے لیے تحریک شروع کی گئی ہے، پاکستان میں شفاف انتخابات چاہتے ہیں، 1970ء کے بعد تمام انتخابات پر لوگوں نے انگلیاں اٹھائیں، جس قسم کی نگراں حکومتیں 2013ء میں تھیں اس قسم کی نگراں حکومتیں نہیں چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے حلقے کھلے ہیں اس سے واضح ہوگیا ہے کہ لوگوں کا مینڈیٹ چرایا گیا ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ مذاق کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 413696

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/413696/عمران-خان-کا-ملتان-جلسہ-تاریخی-ہوگا-اب-حکومت-رہ-نہیں-پائے-گی-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org