QR CodeQR Code

طاہرالقادری کے پیچھے عید کی نماز ادا کرنے والوں کی نماز نہیں ہوئی، قاری حنیف جالندھری

8 Oct 2014 20:40

اسلام ٹائمز: ریڈزون میں منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کی اقتدا میں نماز عید ادا کرنے والوں سے دیوبندی عالم دین نے کہا ہے کہ وہ اللہ کے حضور معافی مانگیں اور توبہ استغفار کریں۔


اسلام ٹائمز۔ دیوبندی مسلک کے وفاق المدارس کے جنرل سیکریٹری قاری حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ طاہرالقادری کے پیچھے عید کی نماز ادا کرنے والوں کی نماز نہیں ہوئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق قاری حنیف جالندھری نے کہا کہ ڈی چوک پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی امامت میں نماز عید ادا کرنے والوں کی نماز نہیں ہوئی ہے، کیونکہ طاہرالقادری نے نماز کے دوران رکوع اور سجود اشاروں کے ذریعے ادا کیے، جبکہ ان کے پیچھے مقتدی صحت مند تھے، جنہوں نے باقاعدہ رکوع اور سجود ادا کیے، جس سے شرعی مسئلے کے تحت معذور امام کی اقتدا میں صحت مند مقتدیوں کی نماز ادا نہیں ہوتی۔ قاری حنیف جالندھری کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے پیچھے نماز عید ادا کرنے والے افراد اللہ کے حضور معافی مانگیں اور توبہ استغفار کریں کیونکہ ان کی عید کی نماز ادا نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب ادارہ منہاج القرآن کے مفتی اعلیٰ عبدالقیوم ہزاروی نے قاری حنیف جالندھری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ حضورؐ نے اپنے آخری ایام میں بیٹھ کر امامت فرمائی اور معذور امام کے پیچھے نماز جائز اور سنت سے ثابت ہے۔


خبر کا کوڈ: 413729

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/413729/طاہرالقادری-کے-پیچھے-عید-کی-نماز-ادا-کرنے-والوں-نہیں-ہوئی-قاری-حنیف-جالندھری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org