0
Thursday 9 Oct 2014 08:59

اقوام متحدہ بھارتی گولہ باری کا نوٹس لے، چوہدری عبدالمجید

اقوام متحدہ بھارتی گولہ باری کا نوٹس لے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہےکہ کشمیری قوم نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے اور مشکلات میں صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔ 8 اکتوبر کا زلزلہ ہو یا سیلاب کی تباہ کاریاں یا پھر بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال گولہ باری کشمیری ہر مشکل کی گھڑی میں سرخرو ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ورکنگ بانڈری اور کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں سیلاب سے متاثر ہونے والے 20 لاکھ سے زائد افراد کی حالت زار سے توجہ ہٹانے کے لیے فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، بھارت نے ہر دور میں ایسے اوچھے ہتھکنڈے آزمائے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی بلااشتعال گولہ کا نوٹس لے۔ ورکنگ بانڈری پر گولہ باری اور شہریوں کی شہادت ناقابل برداشت ہے۔ 

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ون پوائنٹ ایجنڈا ہے تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے آزاد خطہ کی حکومت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ آزاد خطہ کی تعمیروترقی اور خطہ کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے مزید میگا پراجیکٹس شروع کریں گے۔ متاثرین منگلا ڈیم نے پاکستان کی زرعی معاشی و اقتصادی ترقی کے لیے اپنے آبائو اجداد کی قبروں کی قربانیاں دیں جو پاکستان سے کشمیریوں کی جذباتی وابستگی کا اظہار ہے۔
خبر کا کوڈ : 413777
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش