QR CodeQR Code

ریاستی ادارے شیعہ شخصیات کے قاتلوں کو پکڑنے میں ناکام رہے

کراچی میں کالعدم جماعتوں کیخلاف آپریشن نہ ہوا تو حالات وزیرستان سے بھی بدتر ہوجائیں گے، علامہ ناصر عباس

سندھ بھر میں 5 لاکھ سے زائد طالبان کی موجودگی پرامن عوام کیلئے سنگین خطرہ ہے

9 Oct 2014 09:16

اسلام ٹائمز: علامہ عباس کمیلی سے انکے صاحبزادے شہید علی اکبر کی تعزیت کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں کالعدم جماعتوں اثر دوبارہ بڑھتا جا رہا ہے، حکومت علامہ علی اکبر کمیلی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت علامہ علی اکبر کمیلی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرے، قانون نافذ کرنے والے ادارے پولیس، رینجرز، سمیت دیگر ریاستی ادارے شیعہ ڈاکٹرز، وکلاء، پروفیسرز، علماء و عمائدین اور تاجروں کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو پکڑنے میں ناکام رہے، شہر میں کالعدم جماعتوں کا اثر و رسوخ دوبارہ بڑھتا جا رہا ہے، اگر کراچی میں دہشتگرد کالعدم جماعتوں کے خلاف گرینڈ آپریشن نہیں کیا گیا تو شہر کے حالات وزیرستان سے بھی بدتر ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی سے کراچی میں ان رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا، اور اُن کے فرزند علامہ علی اکبر کمیلی کی شہادت پر تعزیت کی۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں پانچ لاکھ سے زائد طالبان دہشتگردوں کی موجودگی شہر کراچی اور سندھ کے عوام کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، لہذٰا شہر کراچی اور سندھ کے عوام کو امن و امان فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ حکومت آرٹیکل 245 نافذ کرکے کراچی سمیت سندھ بھر میں کالعدم دہشت گرد گروہوں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشن ضرب عضب طرز پر فوجی آپریشن کرے، جو کہ آخری دہشتگرد کے خاتمہ تک جاری رہے، کیونکہ دہشتگردوں کے خاتمہ کے بغیر پاکستان میں امن و ترقی ممکن نہیں۔
علامہ عباس کمیلی کا کہنا تھا کہ پنجابی طالبان کے بعد ریاستی حساس اداروں کی جانب سے سندھی طالبان کے وجود کے انکشاف نے ثابت کر دیا ہے کہ اولیا کرام ؒ کی سرزمین کو دہشت گردوں سے سنگین خطرات لاحق ہیں، لہٰذا اب سندھ حکومت کو تمام تر مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک دشمنوں کے خلاف فی الفور کارروائی کرے۔ علامہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ حسن ہاشمی، علامہ علی انور، علامہ مبشر حسن، انجینئر رضا نقوی، رضا عابدی، احسن عباس رضوی، آصف صفوی سمیت دیگر افراد کے وفد نے ٹارگٹ کلنگ میں شہید ہونے والے دیگر شیعہ افراد کے اہل خانہ سے ڈسٹرک ملیر سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔


خبر کا کوڈ: 413778

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/413778/کراچی-میں-کالعدم-جماعتوں-کیخلاف-ا-پریشن-نہ-ہوا-حالات-وزیرستان-سے-بھی-بدتر-ہوجائیں-گے-علامہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org