QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے، آصف علی زرداری

12 Oct 2014 23:37

اسلام ٹائمز: بلاول ہاؤس لاہور میں سابق وفاقی وزیر یار محمد رند سے ملاقات میں سابق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اعلٰی تعلیمی اداروں سمیت صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے پارٹی نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چئیرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے قبائلی رہنماء و سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے۔ پیپلز پارٹی بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہے۔ بلوچستان کی احساس محرومیوں اور زیادتیوں کا ازالہ کیا تھا اور آگے بھی کرتے رہیں گے۔ بلوچستان کے لوگ بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں۔ بلوچستان کی عوام کے احساس محرومی کو دور کرنے کے لئے پیپلز پارٹی نے ہر دور میں اپنا کلیدی رول ادا کیا ہے۔ آنے والے وقت میں بلوچستان میں اعلٰی تعلیمی اداروں سمیت صحت کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے پارٹی نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔ بلوچستان کی عوام سے پہلے ہی معافی مانگ کر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا تھا اور اب بھی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی تھی اور مجھے یقین ہے کہ بلوچستان کے عوام کسی بھی صورت میں بلاول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آج پاکستان اندرونی اور بیرونی مسائل سے دوچار ہے اور ملک کو ان بحرانوں سے صرف پیپلز پارٹی ہی نکال سکتی ہے۔

اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند کو پیپلز پارٹی میں باضابطہ طور پر شمولیت کی دعوت دی۔ جس پر سردار یار محمد رند نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کی عوام بولان، جعفرآباد، نصیرآباد، جھل مگسی اور سبی کی عوام سے باہمی صلاح مشورے کے بعد اس بات کا فیصلہ کریں گے۔ دو گھنٹے کی طویل ملاقات میں دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر نے ان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ جس میں پیپلز پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین بھی شریک ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 414350

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/414350/پیپلز-پارٹی-بلوچستان-کو-اپنا-دوسرا-گھر-سمجھتی-ہے-آصف-علی-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org