0
Wednesday 15 Oct 2014 13:38

مارشل لاء کے بادل چھٹ گئے، لیکن جمہوری حکومت بسترِ مرگ پر ہے، سراج الحق

مارشل لاء کے بادل چھٹ گئے، لیکن جمہوری حکومت بسترِ مرگ پر ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کہا ہے کہ سیاسی جرگے نے ملک کو سیاسی بحران سے نکالنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل لاء کے بادل چھٹ گئے ہیں لیکن جمہوریت اب بھی بسترِ مرگ پر ہے، ڈیڈ لاک بدستور برقرار ہے لیکن اگر حکومت ثابت کرے کہ وہ پہلے سے متفقہ طور پر منظور شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کرنے میں سنجیدہ ہے، تو حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات شروع ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وسط مدتی انتخابات کے امکانات بہت کم ہیں، تاہم حکومت کی مکمل ناکامی کی وجہ سے اس کی گنجائش بنتی جا رہی ہے، عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے حکومت صرف خود کو بچانے کی کوششیں کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے مزید کہا کہ حکومت کو جلد از جلد الیکشن اصلاحات پر کام کرنا چاہیئے، تاکہ انتخابی عمل شفاف اور دھاندلی کے امکانات کو کم از کم کیا جا سکے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ انڈیا کی بلا اشتعال سرحدی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے فرد، معاشرے اور ریاست کی ترقی کے جو وعدے کئے تھے، انہیں پورا نہیں کیا گیا اسی لئے عوام اب حکومتی وعدوں پر یقین کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابات کو شفاف بنانے، دھاندلی کے امکانات کو کم سے کم کرنے، مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے سمیت عوام کو ریلیف دینے کی جو یقین دہانی کروائی تھی اس پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔ انہوں نے وکلاء تحریک کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ہمیشہ ذاتی و پارٹی مفادات سے بالا تر ہو کر آئین اور جمہوریت کے تحفظ کی کوشش کی ہے، آمریت کے خلاف میدان عمل میں نکلنے والا ہراول دستہ ہمیشہ وکلاء کا ہوتا ہے۔ انہوں نے وکلا کو بانی پاکستان قائد اعظم کی پاکستان کو ایک ماڈل اسلامی ریاست بنانے کی کوششوں کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف آمریت کے خلاف وکلاء نے ابابیلوں کا کردار ادا کیا اور اپنی لازوال جدوجہد سے ثابت کیا کہ وہ عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بالادستی کو قائم کرنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء نے مشرف کے ظلم و جبر اور تشدد کا پامردی سے مقابلہ کیا، وکلاء کی اس آئینی جدوجہد کوقوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے وکلاء کی طرف سے بار کے آئندہ انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دھاندلی سے بچنے کیلئے وکلاء کے اس تجربے سے قوم بھی استفادہ کرے گی۔

سراج الحق نے کہا کہ میں نے گزشتہ روز سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری پر بھارتی گولہ باری سے تباہ ہونے والی بستیوں کا دورہ کیا، شہداء کے گھروں میں گیا اور زخمیوں کی خیریت دریافت کی، مجھے بتایا گیا کہ ابھی تک کوئی حکومتی اور سرکاری عہدیدار ان کی خبر گیری کیلئے نہیں آیا۔
خبر کا کوڈ : 414730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش