0
Thursday 16 Oct 2014 13:24

فضل اللہ کے ترجمان کی طرف سے شاہد اللہ شاہد اور طالبان کمانڈروں کی داعش میں شمولیت کی تصدیق

فضل اللہ کے ترجمان کی طرف سے شاہد اللہ شاہد اور طالبان کمانڈروں کی داعش میں شمولیت کی تصدیق
اسلام ٹائمز۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیر مولوی فضل اللہ کے معاون خصوصی کمانڈر حمزہ نے طالبان کے چند کمانڈرز کی داعش میں شمولیت کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند طالبان رہنماؤں کے داعش کے ساتھ ملنے سے تحریک طالبان پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ نامعلوم مقام سے ایک اخبار کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ملا فضل اللہ کے معاون خصوصی کمانڈر حمزہ کا کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان کی صفوں میں اب بھی اتحاد موجود ہے، جو لوگ تحریک طالبان سے علیحدہ ہو کر داعش میں شامل ہوئے ہیں، انہوں نے ملا عمر کی امارت پر اعتراض کیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک طالبان پاکستان، ملا فضل اللہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتی ہے، جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان سے حال ہی میں ناراض ہو کر علیحدہ ہونے والے کمانڈرز کو یکجا کیا جائے۔ وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کے ساتھ مذاکرات کا جھانسہ دے کر فوجی کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے، جس کا وہ بدلہ ضرور لیں گے۔ ملک کی مسلح افواج کو انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ کمانڈر حمزہ کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کے تمام گروہ منظم ہو کر آئندہ کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں اور داعش میں شمولیت کے حوالے سے مولوی فضل اللہ جلد جامع پیغام جاری کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک میں قابل اور بااعتماد لوگوں کی کمی نہیں۔ کمانڈر حمزہ کا مزید کہنا تھا کہ تحریک چھوڑنے والے فاتح گل زمان، دولت اللہ اور مفتی حسن نے دیگر تین کمانڈروں کو داعش میں شمولیت پر راغب کیا تھا۔ کمانڈر حمزہ نے تحریک طالبان کو خیبر باد کہنے کی منصوبہ بندی چند ماہ قبل ہی اختیار کر لی گئی تھی اور حال ہی میں کٹھن حالات کو دیکھتے ہوئے چند افراد نے تحریک کو خیر باد کہہ دیا مگر تحریک اس طرح کے اقدامات سے مزید مضبوط ہو گی۔

کمانڈر حمزہ کے اعتراف اور تصدیق سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹی ٹی پی تقسیم کا شکار ہے، طالبان دہشت گرد وزیرستان کے بیس کو کھو چکے ہیں، حالات کی سختی اور نئی پناہ گاہ کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں اور انہیں افغانستان میں مشکلات درپیش ہیں جسکی وجہ سے وہ عراق اور شام جانے کی راہ دیکھ رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 414891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش