QR CodeQR Code

سرگودہا، اللہ اکبر، یا رسول اللہ اور یا علیؑ یا علیؑ کی گونج میں پی ٹی آئی جلسہ جاری

17 Oct 2014 18:50

اسلام ٹائمز: سرگودہا میں تحریک انصاف کے جلسے میں پارٹی پرچموں کے علاوہ کچھ افراد نے علم بھی اٹھائے ہوئے ہیں۔ جب عمران خان کا قافلہ اسلام آباد سے اسٹیڈیم میں پہنچا تو جلسے کے شرکا نے زبردست نعروں سے انکا استقبال کیا۔


اسلام ٹائمز۔ ملتان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا سونامی سرگودہا میں پہنچ گیا ہے۔ سرگودہا کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہزراوں کی تعداد میں تحریک انصاف کے کارکن دوپہر سے ہی پہنچ گئے تھے، جب عمران خان کا قافلہ اسلام آباد سے اسٹیڈیم میں پہنچا تو جلسے کے شرکا نے زبردست نعروں سے انکا استقبال کیا۔ واضح رہے کہ سرگودہا کی جلسہ گاہ میں بیس ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور اسکے علاوہ اسٹیڈیم میں گراونڈ کے ارد گرد بنے چبوتروں پر چالیس ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، کرسیوں اور تمام چبوتروں کے علاوہ بھی گراونڈ میں ہزاروں لوگ کھڑے ہیں، اسٹیڈیم سے باہر موجود لوگ الگ ہیں۔ جب جلسے کا آغاز ہوا تو شاہ محمود قریشی نے اپنا خطاب مکمل کرنے کے بعد عمران خان کو دعوت دینے سے پہلے ملتان کے جلسے کی طرح نعرہ تکبیر، نعرہ رسالت اور نعرہ حیدری بلند کیا اور پورا جلسہ اللہ اکبر، یا رسول اللہ اور یا علی کی صداوں سے گونج اٹھا۔ یاد رہے کہ سرگودہا میں تحریک انصاف کے جلسے میں پارٹی پرچموں کے علاوہ کچھ افراد نے علم بھی اٹھائے ہوئے ہیں۔ 

ملتان کے جلسے میں ہونے والے حادثے کو مد نظر رکھتے ہوئے سرگودہا انتظامیہ اور پی ٹی آئی نے سیکورٹی اور ڈسپلن کے خاص انتظامات کر رکھے ہیں۔ بالخصوص اسٹیج پر جانے کی کسی کو اجازت نہیں، خود عمران خان کے لیے بھی پاس کارڈ جاری کیا گیا ہے، اسی طرح جلسے میں آنے اور اختتام پر لوگوں کے جانے کے لیے اسٹیڈیم کی دیواریں توڑ کر راستے بنائے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 415088

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/415088/سرگودہا-اللہ-اکبر-یا-رسول-اور-علی-کی-گونج-میں-پی-ٹی-آئی-جلسہ-جاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org