0
Monday 20 Oct 2014 17:54

عاشورہ پر دہشت گردی کا خدشہ ہے تاہم فورسز چوکس ہیں، وزیر داخلہ پنجاب

عاشورہ پر دہشت گردی کا خدشہ ہے تاہم فورسز چوکس ہیں، وزیر داخلہ پنجاب
اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ وزیرستان میں پاک فوج کے جاری آپریشنز ضرب عضب کے باعث محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا خدشہ ہے تاہم سکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور دہشت گردوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شجاع خانزادہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لئے امن کمیٹیوں اور تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے اور تمام مکاتب فکر کے علما نے حکومت کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں آپریشن کے باعث دہشت گردوں نے شہروں کا رخ کر لیا ہے اور عاشورہ کے موقع پر دہشت گردی ہو سکتی ہے۔

صوبائی وزیر نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے حوالے سے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے قیام کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایک دو دن میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنا دی جائے گی اس حوالے سے تمام ہوم ورک مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جلسے میں الزام عائد کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو دیئے جانے والے چیک جعلی تھے تو اس حوالے سے بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے چیک دیئے ہی نہیں بلکہ ہماری طرف سے متاثرین کو نقد امداد دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس میں ریفارمز بھی کی جا رہی ہیں اور تھانوں کا ماحول بہتر بنانے کے لئے سویلین کی بھرتی کی جا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 415562
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش