QR CodeQR Code

کے پی کے اسمبلی میں حکومت کیخلاف 23 اکتوبر کی قراداد ناکام ہوگی، محمود خان

20 Oct 2014 19:47

اسلام ٹائمز: سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایریگیشن، خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ وفاق کے ذمے بجلی اور پانی کی مد میں بقایا جات ہیں، جن کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر ایریگیشن خیبر پختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا حکومت محدود وسائل کے باوجود صوبے بھرا ور ڈیرہ اسماعیل خان میں ایریگیشن کے شعبہ پرخصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کوشش ہے کہ ایریگیشن چینلز کو ٹھیک کر سکیں اور اپنے اثاثوں کو محفوظ بنائیں۔ کوالٹی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ محکمہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کرینگے۔ عوام نے پی ٹی آئی کو ووٹ تبدیلی کے نام پردیئے۔ تبدیلی عوام کو نظر آ رہی ہے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ پریس کانفرنس میں وزیر زراعت خیبر پختونخوا سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور، چیئرمین ڈیڈک کمیٹی نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی، ممبر صوبائی اسمبلی احتشام جاویداکبر خان کے علاوہ ایکسین طارق علی سمیت محکمہ ایریگیشن کے افسران و اہلکاران موجود تھے۔ محمود خان نے کہا کہ وفاق کے ذمہ بجلی اور پانی کی مد میں خیبر پختونخوا کے بقایاجات ہیں۔جو ادا نہیں کئے جارہے۔ ہمیں اپنا حق نہیں مل رہا۔ جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 23 اکتوبر کے اجلاس میں اپوزیشن کی طرف سے پیش ہونیوالی تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی۔ ہمارے تمام اراکین متحد ہیں اور ہمیں ممبران اسمبلی کی اکثریت کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ یہی وجہ ہے کہ الیکشن میں ان کا حشر عوام نے دیکھ لیا ہے۔ وزیر زراعت خیبر پختونخوا سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے ڈیرہ اسماعیل خان صوبے کا آدھا ایریا ہے۔ اس لئے ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے فنڈز بھی زراعت کے شعبے میں زیادہ لائے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں زراعت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ عوام نے ہم پر جس اعتماد کا اظہار کیا انشاء اللہ اس پر پورا اترینگے۔ چیئرمین ڈیڈک کمیٹی ڈیرہ نوابزادہ سمیع اللہ خان علیزئی نے کہا کہ گائیڈ بند کیلئے ٹینڈر ہو چکے ہیں ایک ارب روپے کی لاگت سے اس کی تعمیر جلد شروع ہو جائیگی۔


خبر کا کوڈ: 415593

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/415593/کے-پی-اسمبلی-میں-حکومت-کیخلاف-23-اکتوبر-کی-قراداد-ناکام-ہوگی-محمود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org