QR CodeQR Code

مینار پاکستان پر پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے جلسوں میں لاہوریوں نے شرکت نہیں کی، عابد شیر علی کا دعویٰ

20 Oct 2014 23:19

اسلام ٹائمز: تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے جلسوں سے متعلق بیان میں پانی و بجلی کے وزیر مملکت نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بجلی بنانے کے منصوبوں سے متعلق جو فارمولے بتائے وہ انٹر نیٹ پر بھی مل جاتے ہیں، عمران خان کو اگلی باری اپنی لگتی ہے تو باری کا مطلب مایوسی نہیں بلکہ قطار میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کریں۔


اسلام ٹائمز۔ پانی و بجلی کے وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے جلسوں میں لاہوریوں نے شرکت نہیں کی۔اپنی ذہنی اختراع دوسروں پر زبردستی مسلط کرنا ملک و قوم کے ساتھ انصاف نہیں ہے، دھرنے قطار توڑنے کے مترادف ہیں اسی کو کہتے ہیں’’ دیس چوری پردیس بھکشا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے جلسوں سے متعلق اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے وقت کے دھرنوں اور بے وقت کی راگنی نے ملکی معیشت کو تو تباہ کردیا ہے، دھنئے کی کھوپڑی میں پانی ملانے سے بجلی پیدا نہیں ہوتی۔ ہمارے بس میں جو ہے وہ قوم کیلئے کر دکھائیں گے اور سرخرو ہونگے لیکن اگر ہمیں کام نہیں کرنے دیا جائیگا، تو وہ بھی قوم کے سامنے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان جلسہ میں طاہرالقادری نے بجلی بنانے سے متعلق جو منصوبے بتائے وہ انٹر نیٹ سے کاپی کیئے گئے جن کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوان طالبعلموں کو دئیے گئے لیپ ٹاپ کو استعمال کیا جاتا ہے۔ چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ طاہرالقادری نے بجلی کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق غلط اعداد و شمار بتائے۔ بجلی کی قیمت نگران دور حکومت میں بڑھائی گئی لیکن سارا الزام ہمارے سر پر تھوپ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاہرالقادری کا عوامی تحریک کو سیاسی جماعت بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اگر وہ سیاست میں آہی گئے ہیں تو انہیں بھی دھرنے کی بجائے ووٹ کی طاقت کو تسلیم کرنا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 415626

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/415626/مینار-پاکستان-پر-پی-ٹی-آئی-اور-اے-کے-جلسوں-میں-لاہوریوں-نے-شرکت-نہیں-کی-عابد-شیر-علی-کا-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org