QR CodeQR Code

کربلا و بغداد میں شیعہ آبادیوں پر خودکش حملوں میں 43 افراد جاں بحق

21 Oct 2014 01:38

اسلام ٹائمز: بغداد کے وسطی علاقے میں مسجد کے باہر دھماکے میں سترہ افراد، جبکہ کربلا میں یکے بعد دیگرے چار کار بم دھماکوں میں چھبیس سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں، فوری طور پر کسی دہشتگرد گروہ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ عراق میں شیعہ آبادی پر خودکش اور کار بم حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دارالحکومت بغداد اور کربلا میں نئے حملوں میں تینتالیس افراد جاں بحق اور اسی سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ بغداد کے وسطی علاقے میں ایک مسجد کے باہر خودکش بم دھماکے میں سترہ افراد شہید اور اٹھائیس زخمی ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اہل تشیع دوپہر کے وقت مسجد سے نماز ادا کرنے کے بعد باہر نکل رہے تھے۔ اس دوران حملہ آور بمبار نے ان کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جبکہ کربلا میں یکے بعد دیگرے چار کار بم دھماکے ہوئے ہیں۔ جن میں چھبیس افراد جاں بحق اور پچپن زخمی ہوگئے ہیں۔ عراقی حکام کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری کاریں شہر کے تجارتی علاقوں اور سرکاری دفاتر کے نزدیک کھڑی کی تھیں اور ان کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع نے ان دھماکوں میں مذکورہ جانی نقصان اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے بغداد اور کربلا میں ان بم دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے لیکن گذشتہ ایک ہفتے کے دوران عراقی دارالحکومت میں بالخصوص اہل تشیع کو اسی انداز میں خودکش بم حملوں یا کاربم دھماکوں میں ہدف بنایا گیا ہے اور داعش نے ان میں سے بعض حملوں کی ذمے داری قبول کی ہے۔ اتوار کے روز عراقی دارالحکومت میں اہل تشیع کی ایک مسجد میں بم دھماکے کے نتیجے میں اٹھائیس افراد شہید ہوگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 415649

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/415649/کربلا-بغداد-میں-شیعہ-ا-بادیوں-پر-خودکش-حملوں-43-افراد-جاں-بحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org