0
Tuesday 21 Oct 2014 22:24

گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، ممنون حسین

گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، ممنون حسین
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی عوام کو درپیش ایشوز کو حل کرنے کے لیے جدوجہد کی جائے گی۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ گلگت کے دوران گلگت پریس کلب کے سنیئر صحافیوں سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین، گلگت بلتستان اور اندرون ملک کئی شعبوں میں 34 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جن کی تکمیل سے گلگت بلتستان اور ملک کی معشیت کو ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں میڈیکل کالج کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کرونگا جبکہ قراقرم یونیورسٹی میں انتظامی بدنظمی پر وائس چانسلر سے پوچھا جائے گا۔ صدر مملکت نے کہا عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور گلگت بلتستان میں پاک چین راہداری منصوبے سے معاشی ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ رکھا ہے اس کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ وطن عزیز نازک دور سے گزر رہا ہے، آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، معاشی ترقی بہتری کی طرف بڑھ رہی تھی کہ دھرنوں نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا ہے۔ بیرونی قرضے ادا کرنے کے لیے مزید قرضے حاصل کرنا پڑ رہے ہیں۔ ممنون حسین نے کہا کہ بعض ملکی ادارے خسارے سے دوچار ہیں جن کی نجکاری کرنا ضروری ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو فضائی سفر کی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے پروازوں میں اضافہ کیا جائے گا اس سے قبل انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے دی جانے والی بریفینگ کے موقع پر ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے اور ریجنل گریڈ اسٹیشن قائم کرکے نیشنل گریڈ سے منسلک کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 415811
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش