0
Wednesday 22 Oct 2014 23:13

گلگت بلتستان کی عوام پاکستان کے سرتاج ہیں، ممنون حسین

گلگت بلتستان کی عوام پاکستان کے سرتاج ہیں، ممنون حسین
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان اور چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ممنون حسین کی یونیورسٹی آمد پر کے آئی یو انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے آغاز میں وائس چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد آصف خان نے چانسلر کے آئی یو ممنون حسین کا یونیورسٹی تشریف لانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یونیورسٹی کے موجودہ حالات اور آنے والے سالوں میں یونیورسٹی کی ترقی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات سے چانسلر کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر محمد آصف خان نے یونیورسٹی میں نئے شعبوں کے قیام اور گلگت بلتستان کے دوسرے اضلاع میں کیمپس کھولنے کے حوالے سے یونیورسٹی کے مستقبل کا لائحہ عمل پیش کیا۔ جس میں زراعت کے شعبے سمیت سات مختلف نئے شعبہ جات کھولنے کے ساتھ ساتھ غذر، چلاس اور ہنزہ نگر میں نئے کیمپس کھولنے کا عزم ظاہر کیا۔ اس کے علاو ہ ڈاکٹر محمد آصف خان نے حالیہ دنوں میں مکمل ہونے والی وائس چانسلر ہاؤس کو طالبات کے ہوسٹل کے لئے وقف کرنے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور مینجمنٹ کے عہدیداروں کے علاوہ گورنر گلگت بلتستان سید پیر کرم علی شاہ اور وزیراعلٰی سید مہدی شاہ، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان برجیس طاہر، چیف سیکرٹری سکندر سلطان راجہ اور دیگر افسران موجود تھے۔ تقریب کے آخر میں چانسلر قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی محترم ممنون حسین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی کے تدریسی اور غیرتدریسی عملے کے مسائل سے آگاہ ہیں اور بہت جلد ان مسائل کو حل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں یونیورسٹی آکر بہت خوش ہوں اور ہمیشہ یونیورسٹی کی ترقی کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کے آئی یو میں میڈیکل فیکلٹی کا بہت جلد افتتاح کرنے کے ساتھ ساتھ مستقبل میں دیگر اضلاع میں کیمپس شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ صدر پاکستان نے جنگ آزادی کے مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے سرتاج ہیں اور یہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق اس علاقے کی آئینی حیثیت کا تعین کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 416007
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش