0
Thursday 23 Oct 2014 14:39

گلگت بلتستان متازعہ علاقے ہیں، امریکہ ڈیم کی تعمیر میں تعاون نہ کرے، بھارتی ہرزہ سرائی

گلگت بلتستان متازعہ علاقے ہیں، امریکہ ڈیم کی تعمیر میں تعاون نہ کرے، بھارتی ہرزہ سرائی
اسلام ٹائمز۔ مقامی اور انٹر نیشنل میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق ہندوستان نے امریکا سے کہا ہے کہ وہ دیا میر بھاشا ڈیم کے منصوبے میں سرمایہ کاری نہ کرے۔ تفصیلات کے مطابق ہندوستان نے امریکی انتظامیہ سے بھی کہا ہے کہ وہ یہ یقین دہانی کرائیں کہ امریکی کمپنیاں اس منصوبے میں سرمایہ کاری نہیں کریں گی۔ سفارتی ذرائع سے ارسال کی گئی اس شکایت میں ہندوستانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ڈیم پاکستان اور ہندوستان کے مابین متنازعہ علاقے میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اس ڈیم کو گلگت بلتستان کے خطے میں تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کے متعلق ہندوستان کا دعویٰ ہے کہ یہ متنازعہ علاقہ ہے، اس لیے کہ یہ مہاراجہ کشمیر کی سابق ریاست کا ایک حصہ تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امریکا نے ایک روزہ کانفرنس کی میزبانی کی تھی، جس کا مقصد ساڑھے چار ہزار میگاواٹ کے دیامیر بھاشا منصوبے کے لیے فنڈز اکھٹا کرنے کے حوالے سے پاکستان کی مدد کرنا تھا۔ اس تقریب میں یو ایس ایڈ کے سربراہ راجیو شاہ، افغانستان اور پاکستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے ڈین فیلڈ مین، پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور دیگر اہم عہدے داروں نے شرکت کی تھی۔ اس کانفرنس میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور پانی و بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف نے کی تھی۔

پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس کانفرنس کے بعد پاکستانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس منصوبے پر ہندوستانی اعتراض کو غیر متعلقہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے واشنگٹن میں پانچ روزہ قیام کے دوران کسی امریکی عہدیدار یا سرمایہ کار نے ہندوستانی دعوے کے بارے میں کسی قسم کی تشویش کا اظہار نہیں کیا۔ وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ عالمی بینک جس نے پہلے اس ڈیم کے ماحول پر ممکنہ منفی اثرات کے بارے میں اعتراض کیا تھا، وہ بھی اس ڈیم کی تعمیر میں پاکستان کی مدد کرنے کا خواہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 416077
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش