QR CodeQR Code

اسپیکر قومی اسمبلی کا تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کیلئے حتمی نوٹس

24 Oct 2014 21:33

اسلام ٹائمز: نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں سمجھا جائے کہ وہ استعفے کی تصدیق کیلئے شفاف قانونی عمل سے گزرنا نہیں چاہتے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے استعفوں کی تصدیق کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو حتمی نوٹس جاری کر دیا، مستعفی ارکان کو انتیس اکتوبر کو دن دو بجے طلب کیا گیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی ارکان کو نوٹس بھیجوا دیا، نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ پر پیش نہ ہونے کی صورت میں سمجھا جائے کہ وہ استعفے کی تصدیق کیلئے شفاف قانونی عمل سے گزرنا نہیں چاہتے۔ ایسی صورت میں اسپیکر کے پاس استعفوں کی تصدیق کیلئے کوئی قانونی راستہ نہیں بچے گا اور وہ صورت حال سے الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیں گے، نوٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے قاعدہ دو ہزار سات کے تحت اسپیکر کیلئے لازمی ہے کہ عوامی نمائندے کے استعفٰی پر مطمئن ہوں کہ رکن اسمبلی، رضا کارانہ مستعفی ہو رہے ہیں یا کسی دباﺅ میں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حتمی نوٹس جاری کرنے سے قبل اسپیکر نے وزیر داخلہ چوہدری نثار، وفاقی وزیر زاہد حامد اور قانونی و آئین ماہرین سے ملاقاتیں کیں۔


خبر کا کوڈ: 416257

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/416257/اسپیکر-قومی-اسمبلی-کا-تحریک-انصاف-کے-ارکان-کو-استعفوں-کی-تصدیق-کیلئے-حتمی-نوٹس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org