QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کے ساتھ چند سیکریٹریز اور وزارتوں پر معاملات طے پا جائیں گے، منظور وسان

25 Oct 2014 23:03

اسلام ٹائمز: حیدر آباد جیل کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں صوبائی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کا آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین ابھی غصے میں ہیں، کچھ دنوں میں غصہ کم ہو جائے گا، مہاجر صوبے کا نعرہ نئی بوتل میں پرانا نعرہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر جیل خانہ جات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں، ابھی غصے میں ہیں، کچھ دنوں میں غصہ کم ہو جائے گا۔ حیدر آباد جیل کے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور حسین وسان نے کہا کہ سندھ حکومت کو کراچی سینٹرل جیل پر حملے کی اطلاعات تھی، ہم سمجھتے تھے کہ بارودی مواد سے بھرا ٹرک کراچی سینٹرل جیل سے ٹکرایا جائے گا لیکن حملے کے لئے سرنگ بنانے والا تجربہ ہمارے لئے نیا تھا، اس سلسلے میں سرنگ غوثیہ کالونی سے بنانی شروع کی گئی، کراچی جیل توڑنے کی کوشش کے واقعے میں یقیناً کوئی جہادی تنظیم ملوث ہوگی، اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور 5 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔

منظور وسان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک لیڈر نے مہاجروں سے متعلق کچھ کہا تھا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جب مکہ سے مدینے آئے تھے تو انہوں نے خود کو مدنی بھی کہا تھا، جو لوگ یہاں آئے ہیں وہ خود کو سندھی بھی کہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلز پارٹی 1988ء سے ایک ساتھ ہیں، ایم کیو ایم کا حکومت میں آنا جانا اسلام آباد کی بارش کی طرح ہے، الطاف حسین عقل مند سیاستدان ہیں، ابھی غصے میں ہیں، کچھ دنوں میں غصہ کم ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مک مکا کی پوزیشن ہوگی، چند سیکریٹریز اور وزارتوں پر معاملات طے پا جائیں گے۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے مہاجر صوبے کا نعرہ نئی بوتل میں پرانا نعرہ ہے، کل کراچی میں رہنے والے افغانیوں نے کہا کہ ہمیں الگ ریاست دی جائے تو اس کا جواب کیا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 416434

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/416434/ایم-کیو-کے-ساتھ-چند-سیکریٹریز-اور-وزارتوں-پر-معاملات-طے-پا-جائیں-گے-منظور-وسان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org