QR CodeQR Code

ایم کیو ایم کا خورشید شاہ کے بیان کیخلاف اتوار کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

25 Oct 2014 23:11

اسلام ٹائمز: نائن زیرو پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب خان نے کہا کہ عدالت میں خورشید شاہ کیخلاف درخواست دائر کر دی ہے اور عدالت کو اختیار دے دیا ہے وہ فیصلہ کرے کہ توہین رسالت کے مرتکب شخص کی کیا سزا ہونی چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے مہاجر لفظ کو گالی قرار دینے کے بیان کے خلاف کل بروز اتوار ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب خان نے کہا کہ خورشید شاہ نے ایک نہیں بلکہ 4 بار مہاجر لفظ دہرایا اور اسے گالی قرار دیا، ان کے اس بیان کے خلاف بزرگ و نوجوان ایم کیو ایم کے پورے پاکستان میں جہاں جہاں دفاتر ہیں وہاں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور پوری امت مسلمہ میں اس پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

عبد الحسیب خان نے کہا کہ خورشید شاہ نے مہاجر لفظ کو گالی قرار دیتے ہوئے یہ نہیں سوچا کہ ان کے یہ الفاظ کہاں تک جائیں گے اور ان کے کیا اثرات مرتب ہوں گے تاہم ہم نے عدالت میں اس کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے اور عدالت کو اختیار دے دیا ہے وہ فیصلہ کرے کہ توہین رسالت کے مرتکب شخص کی کیا سزا ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے بیان کے خلاف کل ایم کیو ایم پورے ملک میں یوم سیاہ منائے گی اور ہم تجارتی انجمنوں سے بھی گزارش کرتے ہیں وہ ہماری آواز سے آواز ملائیں اور اپنے کاروبار بند رکھ کر یوم سیاہ کو کامیاب بنائیں جبکہ علمائے کرام سے بھی اپیل ہے کہ وہ خورشید شاہ کے اس عمل اور الفاظ کی پرزور مذمت کریں۔


خبر کا کوڈ: 416436

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/416436/ایم-کیو-کا-خورشید-شاہ-کے-بیان-کیخلاف-اتوار-کو-ملک-بھر-میں-یوم-سیاہ-منانے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org