QR CodeQR Code

ن لیگ کو وفاقی کابینہ میں شمولیت کی دعوت،پیپلزپارٹی پنجا ب حکومت کا حصہ رہے گی،گیلانی شہباز ملاقات میں فیصلہ

3 May 2009 13:53

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی بدستور پنجاب حکومت کا حصہ رہے گی،دونوں رہنمائوں نے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔


لاہور:وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی بدستور پنجاب حکومت کا حصہ رہے گی،دونوں رہنمائوں نے میثاق جمہوریت پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ہفتے کی شام وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے لاہور میں وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ون آن ون ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے مفاہمت کے عمل کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیر اعظم نے میاں شہبار شریف کو بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس جلد بلائی جائے گی،جس میں تمام جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی مفاہمت کا عمل جاری رکھنے کیلئے پیپلز پارٹی پنجاب میں حکومت کا حصہ رہے گی۔ انہوں نے میاں شہباز شریف سے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بھی وفاقی حکومت میں واپسی کا فیصلہ کرے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے پنجاب حکومت میں شامل رہنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے فی الحال وفاقی کابینہ میں واپسی کا فیصلہ نہیں کیا۔ مرکزی حکومت سے باہر رہنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) قومی معاملات میں حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت میں رہنے کا فیصلہ میثاق جمہوریت کے تحت کیا گیا ہے ۔ مفاہمت کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے آج (اتوار کو) چوہدری نثار علی خان اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات ہوگی۔ دریں اثناء وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نظام عدل آئین کے مطابق اور امن سے مشروط ہے اس پر نظرثانی کا حق رکھتے ہیں، دہشت گردوں کا نہ کوئی دین ہے اور نہ ہی کوئی سرحد، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں، حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں، نظام عدل ریگولیشن پر صوبائی حکومت کی رضا مندی کے بعد صدر مملکت نے دستخط کئے ہیں، نظام عدل آئین کے مطابق ہے حکومت تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، نوجوانوں کو نوکریاں دینے کی وجہ سے پانچ سال جیل کاٹی۔ ہفتہ کے روز یہاں رینجرز ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں ناخواندگی کی وجہ سے نوجوانوں میں جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے جسے ہم نے تعلیم کو فروغ دے کر قابو پانا ہو گا۔ ملک میں معیاری اساتذہ اور تعلیمی اداروں اور وسائل کی کمی تعلیم کے شعبے کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں طالب علموں سے کہوں گا کہ وہ ایسی تعلیم حاصل کریں جس کی مارکیٹ میں مانگ ہو۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ امریکی صدر اوباما کے بیان پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتا پھر اس بیان کی تردید آ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کے حوالے سے ایم کیو ایم پیپلز پارٹی اور اے این پی پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سوات میں امن قائم نہ ہوا تو نظام عدل معاہدے پر نظر ثانی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سوات معاہدہ امن سے مشروط ہے امن نہ ہوا تو کارروائی کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین سے فون پر بات ہوتی ہے کراچی کے واقعات کی دبائو کے بغیر تحقیقات کروائی جائے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسلام امن کا درس دیتا ہے ، پوری دنیا میں دہشتگردی کے نام پر اسلام کو بدنام کیا جارہا ہے، وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم اپنے تمام ہمسیایہ ممالک سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نہ ہی کوئی دین ہے اور نہ ہی ان کی کوئی سرحد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 4166

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/4166/ن-لیگ-کو-وفاقی-کابینہ-میں-شمولیت-کی-دعوت-پیپلزپارٹی-پنجا-ب-حکومت-کا-حصہ-رہے-گی-گیلانی-شہباز-ملاقات-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org