0
Monday 27 Oct 2014 21:26

سینیٹ میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم منظور

سینیٹ میں سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم منظور
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ نے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار فاٹا تک بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم، اسلام آباد میں ڈاکٹرز کی فیس مقرر کرنے اور سینیٹ فورم برائے پالیسی تحقیق کے قیام کی قراردادیں منظورکر لیں، اتحادی جماعت جے یو آئی (ف) حکومت پر پھٹ پڑی، اعلٰی عدلیہ کا دائرہ فاٹا تک بڑھانے کیلئے آئین میں ترمیم کی قرارداد فرحت اللہ بابر نے پیش کی، ایوان نے انیس سو بہتر سے دوہزار تیرہ تک نجکاری کا جائزہ لینے کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور مولانا فضل الرحمان پر حملے کی مذمت کی قرارداد بھی منظور کر لی ہے، جے یو آئی (ف) سینیٹر حاجی غلام علی نے کہا کہ خیبر پختونخواہ حکومت ناچ گانے میں مصروف ہے تو وفاقی وزراء میں کام کی اہلیت نہیں ہے، ان کے لئے تربیتی کورس کا بندوبست کیا جائے۔

خیبرپختونخوا میں سکھ برادری کے افراد کے قتل سے متعلق تحریک التواء پر اقلیتی رکن ایمن داس کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سینٹ ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے، پیپلزپارٹی کے تاج حیدر کا کہنا تھا کہ کے پی کے اور پنجاب حکومتیں مذہبی انتہا پسندوں پر پردہ ڈالتی ہیں۔ سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ جب صوبائی وزراء دہشتگردوں کو بھتہ دے رہے ہوں تو وہ عوام کی کیا حفاظت کریں گے؟۔ ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ غیر مسلموں کو تحفظ نہیں دے سکتی تو کے پی کے حکومت مستعفیٰ ہو جائے۔ سینٹ کا اجلاس کل شام ساڑھے چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 416779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

متعلقہ خبر
ہماری پیشکش