0
Tuesday 28 Oct 2014 17:01

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے سامنے جلسے کا اعلان

پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے سامنے جلسے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے منگل کو الیکشن کمیشن کی عمارت کے باہر ریلی کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو یہاں ڈی چوک میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی ، وزیر اعظم اور حکومت حقیقی نہیں کیونکہ گزشتہ سال الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی تھی۔ اگر ہمیں الیکشن میں دھاندلی کے خلاف انصاف ملتا تو ہم کبھی بھی احتجاج کی کال نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر پی ٹی آئی کی موجودہ تحریک کا حتمی دن ہو گا جب ملک بھر سے لوگ دھرنے میں شرکت کے لئے اسلام آباد آئیں گے۔ عمران نے وزیر اعظم نواز شریف کو چیلنج کیا کہ وہ غلط اثاثوں کے الزامات پر انہیں سپریم کورٹ لے کر جائیں۔ میاں صاحب آپ غلط بیانی کر رہے ہیں کیونکہ آپ نے الیکشن کمیشن کے سامنے اپنے اصل اثاثے ظاہر ہی نہیں کئے۔ اگر آپ کو لگتا ہے کہ میرے الزامات درست نہیں تو آپ میرے خلاف سپریم کورٹ جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں اپنے حامیوں کو مشورہ دیا کہ اچھی نیند کے لئے وہ 'گو نواز گو' کے نعرے لگائیں کیونکہ اس سے ان کا بلڈ پریشر اور ٹینشن کم ہو گی۔ عمران نے دعوی کیا کہ پی ٹی آئی واحد ایسی پارٹی ہے جس نے بجلی کے بلوں میں ستر ارب روپے کی اوور بلنگ پر تشویش ظاہر کی۔ پی ٹی آئی سربراہ نے دعوی کیا کہ حکومت بجلی بلوں کے ذریعے 35 روپے فی مہینہ ٹی وی لائسنس کی مد میں دس ارب روپے سالانہ کما رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دن کا انتظار کر رہے ہیں جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ان کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے دھرنے میں شامل خواتین کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر مولانا فضل الرحمان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ مولانا صاحب، میں آپ کو بتا دوں کہ قوم آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 416918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش