0
Thursday 30 Oct 2014 21:11

یوم عاشور پر کراچی اور راولپنڈی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کا انکشاف

یوم عاشور پر کراچی اور راولپنڈی میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کا انکشاف
رپورٹ: ایس زیڈ ایچ جعفری 

کالعدم تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے سربراہ اور جماعت الاحرار کے انٹیلی جنس چیف عمر خالد خراسانی نے عاشورا کے موقع پر کراچی اور راولپنڈی میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرلی ہے، دہشتگرد افغانستان سے کراچی کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، حساس اداروں نے پولیس کو آگاہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اعلٰی پولیس حکام کی جانب سے عاشورا کے موقع پر حساس قرار دیئے گئے اضلاع کے پولیس افسران کو ایک لیٹر لکھا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی کے سربراہ اور جماعت الاحرار کے انٹیلی جنس چیف عمر خالد خراسانی نے گذشتہ سال راولپنڈی راجہ بازار میں قائم جامعہ تعلیم القرآن پر مبینہ حملے کا الزام لگاتے ہوئے انتقامی کارروائی کے طور پر کراچی اور راولپنڈی میں دہشت گردی کی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون عبدالخالق شیخ کی جانب سے حساس قرار دیئے گئے اضلاع کے پولیس افسران کو بھیجے گئے مراسلہ کے مطابق دہشت گردی کی کارروائی دو طریقوں سے کی جاسکتی ہے، ایک طریقے میں خودکش حملہ آور اکیلا حملہ کرسکتا ہے یا پھر دہشتگرد چار کی ٹولی میں ہونگے، جس میں سے ایک خودکش بمبار ہوگا اور باقی تمام افراد دستی بم اور کلاشنکوف سے لیس ہونگے۔ مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی کیلئے منتخب کئے گئے دہشتگردوں کو ہدایت دی گئی ہیں کہ وہ افغانستان سے کراچی اور راولپنڈی پہنچ کر سستے موبائل فونز خریدیں اور اپنے رہائشی گھروں سے 5 سے 6 کلومیٹر دور جا کر چکنور افغانستان رابطہ کریں اور گھر واپس پہنچنے سے پہلے موبائل فونز بند کر دیں اور اپنی گفتگو میں سبزیوں پھلوں کے ریٹس اور پیسوں کی ترسیل سے متعلق الفاظ کو کوڈ ورڈز کے طور پر استعمال کریں۔

مراسلہ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دہشتگرد اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاقوں ترنول، جبہ، سوہان، کھنہ، روات، گلاس فیکٹری ایریا شکریال، چک بیلی خان بازار، سیال اڈہ چکری روڈ یا پھر اسلام آباد راولپنڈی کے دیہی علاقوں میں چھپ سکتے ہیں یا چھپے ہوئے ہیں۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ یہ دہشتگرد اپنی پناہ گاہوں کے علاوہ کالعدم لشکر جھنگوی اور حرکت المجاہدین سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ مراسلہ میں ایس ایس پی ساؤتھ، تمام اضلاع کے ایس ایس پیز، ڈی ایس پی اوز سمیت دیگر تمام متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئیں ہیں کہ عاشورا محرم کے جلوسوں، مجالس، اجتماعات کی سکیورٹی میں مزید اضافہ کرتے ہوئے اسے اولین ترجیح پر رکھیں اور جلوسوں کے روٹ اور مجالس اجتماعات کے مقامات کے قریب کسی بھی پھل اور سبزی فروش کو ٹھیلا لگانے کی ہرگز اجازت نہ دیں، تاکہ دہشتگردی سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 417331
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش