QR CodeQR Code

ہر ساتواں برطانوی نوجوان داعش کا پرجوش حامی نکلا، برطانوی اخبار کی سروے رپورٹ

1 Nov 2014 18:36

اسلام ٹائمز: برطانیہ میں 25 سال سے کم عمر نوجوانوں کی اکثریت اس جنگجو گروپ کی حامی ہے، اس سروے سے بہت سے غیر مسلموں کے برطانوی حکومت سے متعلق جذبات کی بھی عکاسی ہوتی ہے اور انھوں نے اس حکومت کو مسترد کردیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ برطانیہ میں حال ہی میں کیے گئے ایک سروے کے مطابق ہر ساتواں نوجوان عراق اور شام میں برسرپیکار سخت گیر جنگجو گروپ دولتِ اسلامی (داعش) کا پرجوش حامی ہے۔ لندن سے شائع ہونے والے اخبار دا ٹائم نے سروے کے نتائج کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے حامیوں میں اضافہ سیاست مخالف جذبات کی وجہ سے ہے، برطانیہ میں 25 سال سے کم عمر نوجوانوں کی اکثریت اس جنگجو گروپ کی حامی ہے، ماہرین نے اس کی ایک اور بڑی وجہ یہ بیان کی ہے کہ داعش کے جنگجو میدان جنگ میں خوب داد شجاعت دے رہے ہیں اور نوجوان اس صفت کی وجہ سے اس جنگجو گروپ کے گرویدہ ہورہے ہیں، رپورٹ کے مطابق سروے میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے دو ہزار بالغ نوجوانوں سے سوال پوچھے گئے تھے اس سلسلے میں انتہاء پسند گروپوں سے متعلق ایک سے دس درجے تک اسکیل بنائی گئی تھی اور یہ اب تک داعش کے برطانیہ میں اثرات کے حوالے سے پہلا مکمل سروے ہے۔

ماہرین نے کہا ہے کہ اس سروے سے بہت سے غیر مسلموں کے برطانوی حکومت سے متعلق جذبات کی بھی عکاسی ہوتی ہے اور انھوں نے اس حکومت کو مسترد کردیا ہے، کنگز کالج لندن میں مذہب کی سماجیات کے سینئیر لیکچرار مارات شترین نے کہا ہے کہ برطانوی نوجوانوں کی جانب سے داعش کی واضح حمایت کی تین وجوہ ہوسکتی ہیں خارجہ امور سے متعلق لاعلمی، مرکزی دھارے کے میڈیا پر عدم اعتماد اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف باغیانہ احساسات شامل ہیں۔ مانچسٹر یونیورسٹی میں برطانوی مذہب کے ڈائریکٹر کلائیو فیلڈ نے کہا کہ اس پول سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ ہر ہفتے کیوں پانچ برطانوی شہری جہاد کے لیے جا رہے ہیں ہمارے پانچ سو لوگ پہلے ہی وہاں (شام و عراق میں) موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 417601

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/417601/ہر-ساتواں-برطانوی-نوجوان-داعش-کا-پرجوش-حامی-نکلا-اخبار-کی-سروے-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org