0
Monday 3 Nov 2014 17:22

یزیدیت و تکفیریت کو روندتے ہوئے کراچی میں مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں

یزیدیت و تکفیریت کو روندتے ہوئے کراچی میں مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر رواں دواں
اسلام ٹائمز۔ دہشتگردی، یزیدیت اور تکفیریت کو حسینی جذبوں سے روندتے ہوئے نواسہ رسول سید شہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلاؑ کی یاد میں آج پاکستان بھر میں نو محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالس عزاء کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شیرِ خدا حضرت علیؑ کا لخت جگر نبیؐ کے دل کا چین امام حسینؑ اور اُن کی ساتھیوں کی شہادت اور ان کی یاد میں ملک بھر میں مجالس عزاء برپا ہیں جبکہ ملک بھر میں نویں محرم الحرام کے جلوس بھی نکالنے جا رہے ہیں۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں 9 محرم الحرام کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں برپا ہوئی، جس کے بعد نشتر پارک سے ہی جلوس برپا کیا گیا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اخٹتام پزیر ہوگا۔ مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے۔ مرکزی جلوس میں خواتین، بچوں، بوڑھوں سمیت لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک ہیں، کراچی میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ 

مرکزی جلوس کے شرکاء کیلئے ہر سال کی طرح اس سال بھی باجماعت نماز ظہرین کا انتظام مرکزی جلوس کے دوران ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے کیا گیا، جہاں عزادارانِ امام مظلومؑ نے علامہ سید احمد اقبال رضوی کی زیر اقتداء باجماعت نماز ظہرین ادا کی۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارنِ امام حسین مظلوم نے شیطان بزرگ امریکا، اسرائیل اور انکے حواریوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نزرِ آتش کئے۔ نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی،دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی جا رہی ہے۔ 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر 20 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کے افسران و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے دستے انکی معاونت کیلئے اسٹینڈ بائی پوزیشن پر ہیں اور جلوس کی فضائی نگرانی ہیلی کاپٹر سے کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کے کمانڈوز پر مشتمل کوئیک رسپانس فورس بھی تعینات کی گئی ہے۔

مرکزی جلوس کی مانیٹرنگ 350 سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کے ایم سی اور پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے کی جا رہی ہے جبکہ جلوس کے اطراف پولیس کی خصوصی کیمروں والی موبائلیں بھی ساتھ چل رہی ہیں جبکہ جلوس کے راستوں میں بلند عمارتوں پر دوربینوں سے لیس 100 سے زائد شارپ شوٹرز کو تعینات ہیں۔ صدر ریگل چوک، ایم اے جناح روڈ، نمائش، کھارادر اور دیگر اہم مقامات پر 150 سے زائد کنٹینرز رکھے گئے ہیں۔ جلوس کے شرکاء کو صرف مخصوص راستوں سے داخل ہونے کی اجازت ہے اور جلوس میں صرف اسٹیکرز والی گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت ہے۔ جلوسوں کے آغاز سے قبل تمام راستوں کو سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں کی مدد سے کلیئر بھی کیا گیا ہے۔ پولیس نے جلوس کے اختتامی پوائنٹ حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 417841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش