0
Wednesday 5 Nov 2014 18:54

محبت اہل بیت علیہم السلام جزو ایمان ہے، معصوم نقوی

محبت اہل بیت علیہم السلام جزو ایمان ہے، معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محبت اہل بیت علیہم السلام جزو ایمان ہے۔ جس سے کوئی مسلمان انکار نہیں کر سکتا۔ لاہور  میں پیغام کربلا کانفرنس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ محبت اہل بیت علیہم السلام سرمایہ حیات ہے، جس کے بغیر اللہ کی رحمت اور پیغمبر اکرم شافعی محشر صلی اللہ علیہ وآلٰہ وسلم کی شفاعت نصیب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یزیدی آمریت سے ٹکرانے والے نواسہ رسول ہیں، جن کا کردار پوری دنیا کے حریت پسندوں کے لئے نمونہ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی آزادی، جمہوری اور انسانی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کی تحریک کا حصہ بنتا ہے، وہ کربلا کی تحریک سے درس لیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف مسالک کے پیروکار بستے ہیں، ان کے درمیان اتفاق و اتحاد علما ومشائخ ہی پیدا کر سکتے ہیں۔ جس کے لئے ضروری ہے کہ محبت اہل بیت علیہم السلام کو فروغ دیا جائے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ امام عالی مقام کسی ایک مسلک تک محدود نہیں، اہل سنت بھی شہید کربلا امام حسین علیہ السلام کو اتنا ہی مانتے ہیں جتنا کہ کوئی دوسرا مکتبہ فکر۔ ان کا کہنا تھاکہ اصحاب رسول خانوادہ رسول سے محبت سے پیش آتے تھے۔ ان کے درمیان اختلافات کے دعوے درست نہیں۔ انہوں نے عاشورہ محرم پر سکیورٹی کے انتظامات پر فوج، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہا۔
خبر کا کوڈ : 418098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش