0
Thursday 6 Nov 2014 23:34

مذہبی انتہاء پسندی کو ختم نہ کیا گیا تو نئی نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ جائیگا، سینیٹر میر حاصل بزنجو

مذہبی انتہاء پسندی کو ختم نہ کیا گیا تو نئی نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ جائیگا، سینیٹر میر حاصل بزنجو
اسلام ٹائمز۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی قائمقام صدر و سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مختلف اقوام سے تعلق رکھنے والے افراد بستے ہیں۔ ان میں پشتون، بلوچ، پنجابی، ہزارہ، سیٹلر اور دیگر اقوام شامل ہیں۔ ہم صدیوں سے اکٹھے رہ رہے ہیں۔ یہ ہماری سرزمین ہے، ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے۔ بلوچ اور پشتون نے کبھی بھی علیحدہ ہونے کا نہیں سوچا اور اگر کبھی سوچا تو حاصل بزنجو ڈاکٹر مالک نہیں کرینگے بلکہ اس کا فیصلہ دونوں اقوام خود کرینگی۔ بلوچستان میں بلوچ اور پشتون کا رشتہ صدیوں پرانا ہے۔ اس رشتے سے کسی گروہ یا شخصیات کے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن یہ رشتے ختم نہیں کر سکتے۔ بلوچستان میں بڑھتی مذہبی انتہاء پسندی کو ختم نہیں کیا گیا تو آنے والی نسلوں کا مستقبل داؤ پر لگ جائیگا۔ سیاسی جماعتوں کیلئے میدان تنگ ہو گا۔ نئے شامل ہونے والے افراد پشتون علاقوں میں پارٹی کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور کردار اد اکریں۔ بلوچستان تمام اقوام پر مشتمل صوبہ ہے اور یہاں پر نفرت پیدا کرنے کی بجائے محبت کی ضرورت ہے لیکن بدقسمتی سے سویت یونین کے خاتمے کے بعد یہاں کے دانشور مختلف حصوں میں تقسیم ہو گئے۔ سیاسی میدان کو ادھورا چھوڑ دیا۔

لیکن ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس طرح عوام کو دوبارہ متحد کرکے نیپ جیسے پلیٹ فارم کو دوبارہ عوام کے سامنے پیش کریں۔ تاکہ یہاں کے مسائل حل ہونے میں مدد مل سکے۔ بلوچ اور پشتون صدیوں سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور ہمارے رشتے مضبوط ہیں انہیں کوئی بھی جدا نہیں کرسکتا۔ اس سلسلے میں کچھ گروہوں اور شخصیات کے اختلافات ضرور ہو نگے لیکن بلوچ اور پشتون کے تعلقات یہاں تک مضبوط ہو گئے کہ بلوچ ایران میں زیادہ ہونے کے باوجود جب مشکلات میں آ جاتے ہیں تو ایران کی بجائے افغانستان کا رخ کرتے ہیں۔‌ اس سلسلے میں ولی خان اور بزنجو کے زمانے سے لیکر آج تک پشتون میں مزید ہم آہنگی پیدا ہوئی۔ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقوام کے حقوق کا تحفظ کرینگے۔ چاہے بلوچ، پٹھان، ہزارہ، پنجابی یا سیٹلر ہوں سب ہمارے بھائی ہیں۔ ہم ان کے حقوق کو مکمل تحفظ دینگے۔ تقریب کے اختتام پر نیشنل پارٹی کی جانب سے نئے شامل ہونیوالے پشتون علاقوں سے افراد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 418317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش