0
Friday 7 Nov 2014 20:22

اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پھیلائی جانیوالی غلط فہمیاں و بدگمانیاں دور کرنیکی ضرورت ہے، جماعت اسلامی ہند

اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پھیلائی جانیوالی غلط فہمیاں و بدگمانیاں دور کرنیکی ضرورت ہے، جماعت اسلامی ہند
اسلام ٹائمز۔ نئی دہلی میں جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شورٰی کا تین روزہ سالانہ اجلاس جماعت کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری کی صدارت میں منعقد ہوا، اس اجلاس کی مختلف نشستوں میں ملکی، سیاسی، سماجی و اخلاقی صورتحال خصوصاً نئی دہلی اور بعض دیگر ریاستوں میں نئی حکومتوں کی تشکیل اور کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، اسکے ساتھ ساتھ بھارت کے بدلے ہوئے حالات میں ملت اسلامیہ کے مختلف مسائل اور ذمہ داریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، بین الاقوامی خصوصاً مسلم ممالک میں ہونیوالی تبدیلیوں اور مسائل پر بھی غور و خوض کیا گیا اور ان موضوعات پر قراردادیں بھی منظور کی گئیں، اجلاس میں کہا گیا کہ ملت اسلامیہ کو برادران وطن سے گہرے روابط قائم کرنے پر خصوصی توجہ دینی چاہیئے، اسلام اور مسلمانوں کے خلاف پھیلائی جانیوالی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہیئے اور اسلام کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے، مرکزی شوریٰ نے بھارتی حکومت کے بعض اقدامات مثلاً ’’صاف بھارت‘‘ اور ’’گاؤں کی ترقی کے لئے منصوبے کا اعلان‘‘ جیسے اچھے اقدامات کی تائید کرتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہار بھی کیا کہ عام شہریوں کی ترقی کے بجائے حکومت سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے، بھارتی حکومت مغربی تہذیب اور فحاشی کو فروغ دے رہی ہے، ملک کے دستور کی روح کے خلاف اکثریت کے مذہب اور کلچر کو سب پر تھوپنے کی کوشش کر رہی ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے اس اجلاس میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس طرح کام کرے کہ تمام شہریوں کو یہ محسوس ہو کہ یہ حکومت سب کی ترقی اور سب کے حقوق کی حفاظت کے لئے کام کر رہی ہے، نفرت پھیلانے والوں اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف حکومت کو سخت کارروائی کرنی چاہیئے کیونکہ آپسی محبت اور ہم آہنگی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ عالمی صورتحال کے سلسلے میں مرکزی شوریٰ ہر قسم کے تشدد اور انتہا پسندی اور ISIS کے نام پر جو اسلام اور انصاف کے خلاف جو چیزیں ہو رہی ہیں مذمت کرتی ہے اور مسلمانوں اور خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ گمراہ کن نعروں سے ہرگز متاثر نہ ہوں، اجلاس میں مزید کہا گیا کہ مرکزی مجلس شوریٰ بنگلہ دیش میں حکومت کے ذریعہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے ذمہ داروں کے خلاف جاری ظالمانہ فیصلوں اور سزاؤں کی مذمت کرتی ہے اور حکومت ہند سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرکے بنگلہ دیش میں قانون اور انصاف کی بالادستی کو بحال کرنے کی کوشش کریں۔
خبر کا کوڈ : 418385
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش