QR CodeQR Code

وزیراعظم کی ہدایت پر شہیدہ سحر بتول کے قاتلوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا، ماروی میمن

10 Nov 2014 20:06

اسلام ٹائمز: کوئٹہ میں شہیدہ سحر بتول کی والدہ سے ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے تمام ممکن کارروائی کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کی چیئرپرسن ماروی میمن وزیراعظم کی ہدایت پر آج کوئٹہ میں زیادتی کا نشانہ بننے والی کمسن بچی شہیدہ سحر بتول کے گھر گئیں اور متاثرہ خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر متاثرہ خاندان سے بات چیت کرتے ہوئے ماروی میمن نے یقین دلایا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔ مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت اور پوری قوم متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے۔ وزیراعظم نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ ملزمان کی فوری گرفتاری کے لئے تمام ممکن کارروائی کی جائے۔ انہوں نے شہیدہ سحر بتول کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ ملاقات میں سی سی پی او کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں ماروی میمن نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے آئی جی بلوچستان محمد عملیش سے ملاقات کی اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات معلوم کیں۔ آئی جی بلوچستان محمد عملیش نے بتایا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن جاری ہے اور بعض ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ سات سالہ شہیدہ سحر بتول کو 28 اکتوبر کو نامعلوم ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بناکر شہید کردیا تھا۔ اس موقع پر سی سی پی او عبدالرزاق چیمہ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن اسد رضا اور ہزارہ قومی جرگہ کے سربراہ عبدالقیوم چنگیزی بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 418899

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/418899/وزیراعظم-کی-ہدایت-پر-شہیدہ-سحر-بتول-کے-قاتلوں-کو-جلد-کیفر-کردار-تک-پہنچایا-جائیگا-ماروی-میمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org