QR CodeQR Code

سرگودھا، حساس ادارے کے بریگیڈئیر کے قتل کے الزام میں دو افراد گرفتار

13 Nov 2014 21:13

اسلام ٹائمز: قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے خوشاب سے تعلق رکھنے والے وقار اور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے عامر کو حراست میں لیا ہے، جنہیں پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان ائیر فورس کے مصحف علی میر بیس سرگودہا کے قریب واقع آستانہ فضل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والے بریگیڈئیر سمیت تین افراد کے قتل کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرگودھا میں گزشتہ دنوں ایک حساس ادارے کے اعلیٰ افسر فضل ظہور سمیت تین افراد کو دہشتگردی کا نشانہ بنانے والے جن دو ملزموں کو گرفتار کیا ہے، انکے نام وقار اور عامر بتایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کا تعلق خوشاب اور سرگودھا سے ہے، ان ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ یاد رہے کہ حساس ادارے کے اعلیٰ افسر فضل ظہور اور ان کے بھائی اور ایک دوست کو اسوقت فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جب وہ آستانہ فضل سرگودھا میں محفل نعت میں شریک تھے، ملزمان نے انہیں دوران محفل فائرنگ کر کے شہید کیا، فائرنگ کے نتیجہ میں 7 افراد زخمی بھی ہوئے تھے، قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے خوشاب سے تعلق رکھنے والے وقار اور سرگودھا سے تعلق رکھنے والے عامر کو حراست میں لیا ہے جنہیں پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس قتل کی واردات کی ذمہ داری القاعدہ برصغیر نے قبول کی تھی۔


خبر کا کوڈ: 419017

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/419017/سرگودھا-حساس-ادارے-کے-بریگیڈئیر-قتل-الزام-میں-دو-افراد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org