0
Tuesday 11 Nov 2014 19:30

پاکستان اور جرمنی کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملکر چلنے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا عزم

پاکستان اور جرمنی کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملکر چلنے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا عزم
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کی جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات، پاکستان اور جرمنی کا دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مل کر چلنے اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا عزم۔ وزیراعظم نواز شریف جرمنی کے چانسلر ہاؤس پہنچے تو ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے وزیراعظم نواز شریف کو خوش آمدید کہا اور وزراء کا تعارف کرایا۔ وزیراعظم نواز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر جرمنی اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نواز شریف اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل دونوں خوش گوار موڈ میں نظر آئے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان برلن میں چانسلر ہائوس میں ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور عالمی امور پر اہم بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جرمنی کیساتھ خوشگوار اور گہرے تعلقات ہیں اور پاکستان کی خارجہ پالیسی میں جرمنی کا اہم مقام ہے۔ پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی میں بھی جرمنی کا اہم کردار ہے۔ جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور اہم عالمی امور پر اہم بات چیت ہوئی۔ اینگلا مرکل کی قیادت میں جرمنی عالمی امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان اور جرمنی مل کر دہشتگردی کا خاتمہ کرینگے۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان کی مسلسل حمایت پر جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کئی سال سے عالمی سطح پر جرمنی ہمارا چوتھا بڑا شراکت دار ہے۔ چانسلر ایجیلا مرکل پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں۔ توانائی فورم کے قیام میں جرمنی کے شکر گزار ہیں جبکہ جرمنی کی جانب سے فنی تربیت کے پروگرام کو وسعت دینے کا خیر مقدم اور شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملالہ یوسفزئی پاکستان میں انتہائی مقبول اور قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ ان کی پاکستان آمد کو خوش آمدید کہیں گے۔ وزیراعظم نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی اور کہا کہ آئندہ سال ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں جرمن چانسلر انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان کیساتھ دو طرفہ تعلقات آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی برآمدات کو جرمنی میں خوش آمدید کہیں گے۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے ملالہ یوسفزئی کو نوبل انعام ملنے پر پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملالہ جیسی بہادر لڑکی پاکستان کی پہچان ہے۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ جرمن سرمایہ کاروں کی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں دلچسپی ہے، انرجی فورم کے قیام پر جرمنی کا خیرمقدم کرتے ہیں، جرمن چانسلر کے ساتھ عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت ہوئی، جرمنی کو پاکستان کی فارن پالیسی میں اہمیت حاصل ہے۔ دورۂ جرمنی کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے ناسور کو جلد ختم کرنے کی امید ہے، ہائیر ایجوکیشن سمیت کئی امور پر جرمنی کے ساتھ تعاون جاری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کوٹ رادھاکشن واقعہ شرمناک اور قابل مذمت ہے، پاکستانی حکومت واقعے کی جوڈیشل انکوائری کی ہدایت کرچکی ہے، واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرِکردار تک پہنچا کر رہیں گے۔ ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام ملنے کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ملالہ کو نوبل انعام ملنے پر بہت خوش ہیں، ملالہ پاکستان میں بہت مقبول ہیں، انہوں نے کئی مشکل ادوار دیکھے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 419024
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش