QR CodeQR Code

کراچی میں حالیہ پولیس موبائلز اور اہل کاروں پر حملوں میں نئے گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف

14 Nov 2014 16:36

اسلام ٹائمز: ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے ایک نیا گروپ ملوث ہے، جو حملوں میں استعمال ہونے والے کریکرز میں فاسفورس، سلفائیٹ اور ایک اور کیمیکل استعمال کر رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں حالیہ پولیس موبائلز اور اہل کاروں پر حملوں میں نئے گروپ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس موبائلز پر حملوں میں ایک ہی نوعیت کے کریکر استعمال ہوئے ہیں۔ شہر قائد میں محافظ ایک بار پھر دہشت گردوں کے پے درپے حملوں کی زد میں آگئے ہیں، پولیس اہل کاروں کو ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے شہید کرنے اور ان کی موبائلز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں حالیہ روز میں اضافہ ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے ایک نیا گروپ ملوث ہے، جو حملوں میں استعمال ہونے والے کریکرز میں فاسفورس، سلفائیٹ اور ایک اور کیمیکل استعمال کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے مقام پر حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، جب کہ 12 نومبر کو ایم اے جناح روڈ پر حملے میں اہل کار جاں بحق، جب کہ 2 زخمی ہوئے، 14 نومبر جمعہ کے روز ایک بار پھر پولیس والوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، جب تبت سینٹر، یوپی موڑ پر پولیس موبائلوں پر حملے کیے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد کراچی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، پولیس حکام کی جانب سے گشت اور اسنیپ چیکنگ کرنے والے اہل کاروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 419498

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/419498/کراچی-میں-حالیہ-پولیس-موبائلز-اور-اہل-کاروں-پر-حملوں-نئے-گروپ-کے-ملوث-ہونے-کا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org